جامعہ کراچی میں اندھیرا ذمے دار کون

یونیورسٹی نے آمدنی میں اضافے کے لیے اپنے نئے ذرایع تلاش کرنے کی حکمت عملی مرتب نہیں کی


Editorial September 28, 2017
یونیورسٹی نے آمدنی میں اضافے کے لیے اپنے نئے ذرایع تلاش کرنے کی حکمت عملی مرتب نہیں کی.فوٹو: فائل

پاکستان کی سب سے بڑی جامعہ کراچی کے معاملات روز بروز دگرگوں ہوتے جا رہے ہیں، طلبا کو سہولیات کی کمی، اساتذہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور دیگر سنجیدہ معاملات کے علاوہ ''کے الیکٹرک'' نے بدھ کی صبح عدم ادائیگی پر جامعہ کراچی کی بجلی منقطع کر دی جس سے جامعہ کا صبح کا اکیڈمک پروگرام بری طرح متاثر جب کہ ایوننگ پروگرام معطل رہا۔ مادر علمی کی یہ صورت حال پوری قوم کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ وہ جامعہ جہاں سے ملک کی اعلیٰ قیادتوں اور فنون لطیفہ کے دیگر شعبوں میں کارہائے نمایاں سر انجام دینے والی شخصیات نے تعلیم حاصل کر کے میدان عمل میں قدم رکھا وہ آج مالی بدانتظامی، کرپشن، اقربا پروری اور مِس مینجمنٹ کے باعث اپنا مقام کھو رہی ہے۔

پاکستان میں تعلیم کا شعبہ جس زبوں حالی کا شکار ہے، یہ معاملہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ دیگر ریاستیں اپنی قوم کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے بجٹ کا بڑا حصہ مختص کرتی ہیں لیکن پاکستان میں معاملہ اس کے بالکل الٹ ہے، یہاں تعلیم کو کبھی بھی ترجیح نہیں دی گئی جس کے نتائج آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ پاکستان کی کوئی بھی جامعہ دنیا کی ابتدائی 200 یونیورسٹیوں کے درجے میں بھی شمار نہیں ہوتی۔ جامعہ کراچی کی مالی بدحالی اور بدانتظامی کا احوال یہ ہے کہ بجلی کی مد میں ساڑھے 8 کروڑ روپے کی ادائیگی نہیں کی گئی، ادارہ فراہمی و نکاسی آب کو 7 کروڑ روپے کی عدم ادائیگی کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے، علاوہ ازیں ڈگری کلاسز کے امتحانات کی مد میں کالج اساتذہ کو ادائیگیاں بھی نہیں ہو سکی ہیں اور ڈاک سروس کو گزشتہ ادائیگیاں نہ ہونے کے باعث ڈاک کے ادارے نے بھی بی کام پرائیویٹ کی مارک شیٹس طلبا کے گھروں پر پہنچانے سے معذرت کر لی ہے۔

یونیورسٹی نے آمدنی میں اضافے کے لیے اپنے نئے ذرایع تلاش کرنے کی حکمت عملی مرتب نہیں کی تاہم اخراجات کا سلسلہ جوں کا توں جاری ہے، جس سے یونیورسٹی مالی حوالے سے بتدریج عدم استحکام کی جانب گامزن ہے۔ جامعہ کے مالی بحران کو حل کرنے کے لیے سندھ حکومت خصوصاً اور وفاقی حکومت کوعموماً فوری طورپر اتنی گرانٹ جاری کرنی چاہیے جس سے یہ معاملات مستقل طور پر نمٹ سکیں۔

مقبول خبریں