ہفتہ رفتہ روئی کی قیمت 100 روپے اضافے سے 6600 روپے فی من ہوگئی

توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ پاکستان سے رواں سال سوتے دھاگے کی ریکارڈ برآمدات سامنے آئیں گی


Ehtisham Mufti February 25, 2013
توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ پاکستان سے رواں سال سوتے دھاگے کی ریکارڈ برآمدات سامنے آئیں گی۔ فوٹو: فائل

امریکاکی جانب سے روئی کی برآمدات توقعات سے کم ہونے کی رپورٹ کے اجرا کے بعد گزشتہ ہفتے کے آخری دوکاروباری ایام میں نیویارک کاٹن ایکس چینج میں روئی کی قیمتوں مندی کے آغاز نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں توقعات کے مطابق تیزی کا رحجان غالب رہا۔

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے سابق ایگزیکٹو ممبر احسان الحق نے ایکسپریس کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران نیویارک کاٹن ایکس چینج میں روئی کی قیمتیں 85.20سینٹ فی پائونڈ تک پہنچ گئیں تھیں جو مئی 2012کے بعد روئی کی بلند ترین قیمتیں تھیں اور توقع کی جارہی تھی کہ چائنہ کی جانب سے آئندہ چند روز کے دوران روئی کی بھر پور خریداری شروع ہونے سے روئی کی قیمتوں میں مزید تیزی کا رجحان سامنے آئے گا مگر چین کی جانب سے فی الحال روئی خریداری کا کوٹہ جاری نہ ہونے اور مذکورہ رپورٹ جاری ہونے کے بعد روئی کی قیمتوں میں وقتی طور پر مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ توقع کی جاری ہے کہ رواں ہفتے چین کی جانب سے 6لاکھ 82ہزارٹن روئی کا درآمدی کوٹہ جاری کیا جائے گا جس کے باعث بھارت نے اپنی کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار توقعات سے کم ہونے کے باوجود روئی کی برآمدی پالیسی میں کسی تبدیلی کا اعلان نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 2012-13کے دوران روئی کی 80 لاکھ بیلز برآمد کرنے کا ہدف مقررکیا ہے جبکہ بھارت کے پاس اطلاعات کے مطابق سوتی دھاگے کے بھی بڑے پیمانے پر برآمدی آرڈرز پہلے سے موجودہیںجبکہ پاکستان میں بجلی اور گیس کے بدترین بحران کے باوجود جولائی 12سے جنوری 13تک پاکستان میں سوتی دھاگے کی ریکارڈ برآمدات کی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مذکورہ عرصے کے دوران پاکستان سے 1.247بلین ڈالر کا سوتی دھاگہ برآمد کیا ہے جو کہ پچھلے سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں مقدار میں 41.6فیصد اور ویلیو میں 32.2فیصد زائد ہے اور توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ پاکستان سے رواں سال سوتے دھاگے کی ریکارڈ برآمدات سامنے آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے بعد اضلاع میں کچھ عرصہ قبل محدود پیمانے پر شروع ہونے والی کپاس کی بجائی مسلسل بارشوں کے باعث معطل ہوکررہ گئی ہے اور توقع ظاہر کی جاری ہے کہ بارشوں کا جاری سیزن ختم ہونے کے بعد جب رات کو درجہ حرارت 20سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا تو کپاس کی بجائی ایک دفعہ پھر ساہیوال ، پاک پتن ، وہاڑی اور بہاولنگر اضلاع میں شروع ہونے کا امکان ہے۔

احسان الحق نے بتایا کہ چین نے آئندہ کچھ روز کے دوران شروع ہونے والی روئی کی درآمد کے لیے نئے پیرامیٹرز جاری کیے ہیں جس میں خاص طو رپر درآمد ہونے والی روئی کے معیار کو یقینی بنانا ہے۔ جاری ہونے والے پیرا میٹرز کے مطابق روئی برآمد کرنے والے ملک اور چین میں بندر گاہ پر ہی درآمدی روئی کے معیار کی مکمل چیکنگ کے ساتھ ساتھ چین میں درآمد ہونے والی روئی کے لیے ڈالر کے مقابلے میں اپنی کرنسی یوآن کی قیمت بھی 6.284یوآن فکس کردی ہے۔ توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ چین کی جانب سے روئی درآمد شروع ہونے سے پاکستان میں بھی روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان سامنے آئے گا۔

انہوں نے بتایاکہ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان میں روئی کی قیمتیں 100روپے فی من اضافے کے ساتھ سیزن 2012-13کی بلند ترین سطح 6ہزار600سے 6 ہزار 700روپے فی من تک ، نیویارک کاٹن ایکسچینج میں حاضرڈلیور ی روئی کے سودے 0.60سینٹ فی پائونڈ اضافے کے ساتھ 89.9سینٹ فی پائونڈ مارچ ڈلیوری روئی کے سودے 0.07سینٹ فی پائونڈ اضافے کے ساتھ 81.39سینٹ فی پائونڈ ، کراچی کاٹن ایسوسی ایشن میں روئی کے سپاٹ ریٹ 150روپے فی من اضافے کے ساتھ 6ہزار400روپے تک پہنچ گئے جبکہ بھارت میں گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کی قیمتوں میں زبردست تیز ی کے باعث اس کی قیمتیں ایک ہزار650روپے فی کینڈی اضافے کے ساتھ 36 ہزار 500روپے فی کینڈی تک پہنچ گئیں۔

مقبول خبریں