واٹر بورڈ نے بھینس کالونی میں65باڑوں کے کنکشن کاٹ دیے

90 کروڑ روپے سے زائد رقم کے نادہند باڑہ مالکان کے خلاف آپریشن شروع ہوگیا،کارروائی ایک ہفتہ تک جاری رہے گی.


Staff Reporter February 26, 2013
آپریشن میں پولیس،ضلعی انتظامیہ اور واٹر بورڈ کا عملہ شریک، نگرانی وقار ہاشمی اور فہیم صدیقی کررہے ہیں ،روز 100کنکشن کاٹے جائینگے فوٹو: فائل

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے نادہند صارفین کے خلاف آپریشن شروع کرتے ہوئے پہلے مر حلے میں بھینس کالونی لانڈھی میں قائم بھینسوں کے باڑوں کے پانی کے 65 کنکشن ،مقامی پولیس اورضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منقطع کر کے 70موٹریں ضبط کرلیں.

تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ نے پہلے مرحلے میں بھینس کالونی لانڈھی میں قائم 1100باڑوں کے مالکان کے خلاف جن پر عرصہ دراز سے90 کروڑ سے زائد کے واجبات ہیں کیخلاف پیر کو پولیس اور مقامی انتظامیہ کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے آپریشن کا آغازکر دیا ہے یہ آپریشن ایک ہفتہ تک جاری رہے گا اور روزانہ 100 سے زائد نادہندہ باڑوں کے کنکشن کاٹے جائیں گے آپریشن کی نگرانی ڈی ایم ڈی ریو نیو وقار ہاشمی اور ڈائریکٹر بلنگ فہیم صدیقی کررہے ہیں۔



آپریشن کے دوران ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں نادہندگان کے باڑے سیل اور ریو نیو ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائیگی،واضح رہے کہ ایم ڈی واٹر بورڈ نے ڈی ایم ڈی ریونیو پی آر جی کو ہدایت کی تھی کہ 90 کروڑ سے زائد کے واجبات کی وصولی کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے بھینسوں کے باڑوں کے خلاف آپریشن کریں، بھینس کالونی میں باڑوں کے مالکان تمام تر کو ششوں کے باوجود90 کروڑ سے زائد واجبات کی رقم اد ا کر نے پر تیار نہیں۔

باڑوں کے مالکان نے واٹر بورڈ کی جانب سے کئی یاد دہانیوں کے باوجود توجہ نہیں دی،لہٰذا اب گرینڈ آپریشن کے دوران بھینسوں کے باڑوں کے تمام پانی کے کنکشن منقطع کر دیے جائیں گے اور ریونیو ایکٹ کے تحت باڑوں کو سیل کر کے جرمانے کے علاوہ گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی، باڑوں میں پانی کی بہت بڑی مقدار استعمال کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ملحقہ علاقے پانی کی کمی کا شکار ہیں۔