جامعہ کراچیانجمن اساتذہ و دیگرکامالی بحران پر اظہار تشویش

وزیر اعظم مداخلت کریں اور100 کروڑ کی گرانٹ جاری کریں، مطاہر احمد.


Staff Reporter February 26, 2013
وزیر اعظم مداخلت کریں اور100 کروڑ کی گرانٹ جاری کریں، مطاہر احمد. فوٹو: فائل

انجمن اساتذہ جامعہ کراچی، یونیورسٹی آفیسرویلفیئرایسوسی ایشن اور یونیورسٹی ایمپلائز ویلفیئرایسوسی ایشن نے جامعہ کراچی کی مخدوش مالی صورتحال پر اپنی گہری تشویش کااظہارکیاہے اور اس سلسلے میں وزیراعظم راجا پرویز اشرف سے مطالبہ کیاہے کہ یونیورسٹی کوتباہی سے بچانے کے لیے اسے فوری گرانٹ جاری کی جائے۔

انجمن اساتذہ کے صدر اور سیکریٹری نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ جامعہ کراچی کی مخدوش مالی حالت کے بعداب اس کے پاس تنخواہ دینے کے پیسے بھی نہیں ہیں، صدر انجمن اساتذہ ڈاکٹر مطاہر احمد نے ایچ ای سی کے چیئر مین اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جامعہ کی مالی گرانٹ کوفی الفورجاری کیا جائے ورنہ جامعہ کی مالی تباہی کی تمام تر ذمے داری ایچ ای سی اور وفاقی حکومت پر ہوگی، وزیر اعظم فوراً اس صورت میں مداخلت کریں اور جس طرح انھوں نے سندھ کے ایک تعلیمی ادارے کو 50 کروڑ گرانٹ دی اسی طرح جامعہ کراچی کے لیے فوراً100 کروڑ کی گرانٹ اپنے صوابدیدی فنڈ میں سے جاری کریں۔



انھوں نے کہا کہ جامعہ کراچی کی تباہی ملک کی اعلیٰ تعلیم کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوگی،آفیسرز ایسوسی ایشن کے طاہر خان اورمحمد عارف سمیت دیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں وزیر اعظم راجا پرویز اشرف ،وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور چیئر مین ایچ ای سی جاوید لغاری کی توجہ جامعہ کراچی کے مالی مسائل کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی کے فنڈز روپے کی قدرکم ہونے کے باوجود اضافے کے بجائے کم کیے جارہے ہیں، اندیشہ ہے کہ وسائل کی کمی سے یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات کا تعلیمی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔