نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں پاکستانی فنکاروں کیساتھ پرفارم کرونگی سروج خان

یادگار پرفارمنس دینے کا پروگرام ترتیب دیا، بھارتی کوریوگرافر کی ’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو۔


Qaiser Iftikhar February 27, 2013
یادگار پرفارمنس دینے کا پروگرام ترتیب دیا، بھارتی کوریوگرافر کی ’’ایکسپریس‘‘سے گفتگو۔ فوٹو : فائل

MUSCAT: بھارتی فلموں کی معروف کوریو گرافرسروج خان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ اورآسٹریلیا میں آیندہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ مل کرایسی یادگار پر فارمنس دینے کا پروگرام ترتیب دیا ہے کہ جس کولوگ برسوں یادرکھیں گے۔

یہ پہلا موقع ہوگا جب میں پاکستانی فنکاروں کے ہمراہ پرفارم کرونگی، لیکن ان کی صلاحیتیں مجھ سے چھپی نہیں ہیں۔ پاکستان کے کامیڈین اورخصوصاً اسٹیج ڈراموں کی شہرت کے چرچے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ انڈیاسمیت دنیا کے بیشترممالک میں ہیں لیکن اس بار نیوزی لینڈ اورآسٹریلیامیں ان کے ساتھ پرفارم کرنے کی خاص تیاری کررہی ہوں۔ آسٹریلوری تنظیم ماہی آرٹس اینڈ کلچر کے زیراہتمام منعقدہ اسٹیج ڈراموں کے ساتھ دو شوکا معاہدہ طے پاچکا ہے اوراب سڈنی اورآکلینڈ کے باسیوں کوخوب انٹرٹین کرنے کے لیے مارچ کے پہلے ہفتے میں نیوزی لینڈ پہنچیں گے۔



ان خیالات کا اظہار سروج خان نے ممبئی سے فون پر''نمایندہ ایکسپریس''سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی اسٹیج ڈرامہ سے وابستہ کامیڈین کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔ خصوصاً بھارتی پنجاب میں ان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد بستی ہے۔ اس لیے جہاں میں براہ راست ان فنکاروں کی پرفارمنس دیکھ سکوں گی وہیں میں اسٹیج کی معروف اداکاراؤں صائمہ خان، نیناں، لیلیٰ صدیقی اورنیہاخان ( ملتان والی ) کے ساتھ پرفارم بھی کرونگی۔

انھوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ ہم شوسے قبل ایک دوسرے کے ساتھ باقاعدہ ریہرسل کریں اوراس دوران میں اپنے تجربے کی روشنی میں جومناسب ہوسکا ، انھیں ٹپس بھی دونگی جو ان کی پرفارمنس کو مزید بہتربنائینگی ۔ انھوں نے کہا کہ میرے علم میں کہ آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ میں بسنے والی سکھ کمیونٹی پاکستانی اسٹیج ڈرامے بہت شوق سے دیکھتی ہے اور انہی کی خواہش پراس بار میں بھی اس ٹیم کاحصہ بنوں گی۔ ہمارا پہلا شو 9 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہرآکلینڈ میں ہوگا۔