مشین ٹول فیکٹری کے ایم ڈی کے قتل میں ملوث ملزم کا ریمانڈ

ملزم سے اسلحہ برآمد ہوا، ساتھیوں کی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی، پولیس


Staff Reporter February 27, 2013
ملازمت سے برطرف کرنے کی پاداش میں ارشد کو قتل کیا، ملزم کا اعتراف. فوٹو: اے ایف پی

پولیس نے پاکستان مشین ٹول فیکٹری کے ایم ڈی کے قتل اور جنرل منیجر کو زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار فیکٹری ملازم کو عدالت میں پیش کردیااور2روز کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ شاہ لطیف نے قتل اور اقدام قتل کے الزام میں گرفتار مشین ٹول فیکٹری کے برطرف ملازم عبدالوحید ساریو کو جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر عبدلشکور کلہوڑو کے روبرو پیش کیا تھا، اس موقع پر پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی،پولیس نے14روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

5

فاضل عدالت نے27 فروری تک کیلیے ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیا ہے، استغاثہ کے مطابق ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ 2فروری کو بھینس کالونی کے قریب مشین ٹول فیکٹری کے ایم ڈی ارشد پرویز کو فائرنگ کرکے قتل جبکہ جنرل منیجر کاشف بشیر کو شدید زخمی کردیا تھا اور موقع سے فرار ہوگئے تھے تاہم پولیس نے منیجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا تھا اور اسکے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا تھا، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں پولیس کے روبرو اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے اور اپنے بیان میں بتایا کہ فیکٹری سے برطرف کرنے کی پاداش میں اس نے ایم ڈی کو قتل کیا ہے، اس سے قبل ملزمان نے مقتول کی گاڑی پر پتھرائو بھی کیا تھا، ملزمان کے خلاف تھانہ شاہ لطیف میں مقدمہ درج ہے۔