نیوسبزی منڈی ڈرائیور کو ٹرک سمیت اغوا کرنیوالے 2ملزمان گرفتار

ڈیفنس فیز ٹو سے مقابلے کے بعد ایک ملزم گرفتار، ریاض محمود آباد کا رہائشی ہے


Staff Reporter February 28, 2013
سرسید ٹائون پولیس نے یو پی موڑ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان محبوب شاہ اور عامر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ فوٹو: فائل

LONDON: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ، مسروقہ گاڑی اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیفنس پولیس نے فیز ٹو 21 کمرشل اسٹریٹ پر رکشا میں سوار 2 مشکوک افراد کو روکا تو انھوں نے پولیس پر فائرنگ کردی ، پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم ریاض عرف منا ولد سجاد کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ، ملزم کا ساتھی الیاس موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ،ایس ایچ او ڈیفنس فاروق ستی کے مطابق ملزم چند روز قبل ڈیفنس میں ایک ریسٹورنٹ پر فائرنگ کے واقعے میں پولیس کو مطلوب تھا جس میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا، ملزم محمود آباد کا رہائشی ہے ، گبول ٹائون میں پولیس نے شفیق موڑ کے قریب اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب ملزم ذاکر اللہ ولد نثار اللہ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ٹی ٹی برآمد کرلی ، ملزم کا ساتھی فرار ہوگیا۔



سرسید ٹائون پولیس نے یو پی موڑ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان محبوب شاہ اور عامر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ، نیو سبزی منڈی کے قریب ڈرائیور کو ٹرک سمیت اغوا کرنے والے ملزمان گرفتار کرلیے گئے ، ڈی ایس پی سہراب گوٹھ قمر احمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ نیو سبزی منڈی کے قریب سوزوکی میں سوار 5 ملزمان نے ٹرک کو اسلحے کے زور پر ڈرائیور سمیت اغوا کیا ، اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جس پر ملزمان نے فرار کی کوشش کی ، پولیس نے تعاقب کے بعد سپر ہائی وے پر ملزمان کو گھیرلیا تاہم ملزمان کے 3 ساتھی پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے جبکہ 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ، ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، مسروقہ ٹرک اور سوزوکی بھی برآمد کرلی گئی ۔