دھماکا خیز مواد کی نشاندہی کیلیے 10 جدید اسکینر گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت 2گاڑیاں اپنےپاس رکھےگی،2سندھ کو باقی گاڑیاں دیگرصوبوں کودی جائیں گی،متعلقہ عملےکوٹریننگ بھی دلائی جائےگی.


Staff Reporter February 28, 2013
وفاقی حکومت 2گاڑیاں اپنے پاس رکھے گی،2 سندھ کو باقی گاڑیاں دیگر صوبوں کو دی جائیں گی، متعلقہ عملے کو ٹریننگ بھی دلائی جائے گی۔ فوٹو : ایکسپریس

ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام ، بارودی اوردھماکا خیز مواد کی نشاندہی کے لیے وفاقی حکومت نے 10جدید ترین اسکینر گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ جدید اور خود کار آلات سے لیس کمپیوٹرائزڈ گاڑیاں ہوں گی،جو 10 ارب روپے کی لاگت سے بیرون ملک سے درآمد کی جائیں گی ، ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے دھماکا خیز اور بارودی مواد کی نشاندہی کے لیے اسکینرگاڑیاں خریدنے کیلیے سمری مرتب کرلی ہے جو منظوری کے لیے وزیر اعظم کو جلد بھیجی جائیں گی، ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ 10اسکینر گاڑیاں خریدے گی،ان گاڑیوں پر جدید ترین کمپیوٹرائزڈ اسکینرز اور دیگر آلات نصب ہوں گے۔



ان گاڑیوں کی مدد سے کار سے لیکر بڑے ٹریلر اور ٹرک کی تلاشی لینا ممکن ہوسکے گا ، یہ گاڑیاں 10ارب روپے سے خریدی جائیں گی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گاڑیاں امریکا یا چین سے درآمد کی جائیں گی،ان گاڑیوں میں سے دو گاڑیاں وفاقی حکومت اپنے پاس رکھے گی جبکہ دو دوگاڑیاں پنجاب اور سندھ ،ایک گاڑی خیبرپختونخوا، ایک گاڑی بلوچستان ، ایک گاڑی آزاد کشمیر اور ایک گاڑی گلگت بلتستان حکومت کو فراہم کی جائے گی ۔