سندھ بچائو کمیٹی میں شامل10جماعتوں کا انتخابی اتحاد کا اعلان

سندھ بچائو کمیٹی مستقبل میں بھی اپنا سیاسی کردار ادا کرتی رہے گی، پیر پگارا۔


Staff Reporter February 28, 2013
سندھ بچائو کمیٹی مستقبل میں بھی اپنا سیاسی کردار ادا کرتی رہے گی، پیر پگارا. فوٹو: ایکسپریس نیوز

سندھ بچائو کمیٹی کا سربراہی اجلاس بدھ کومسلم لیگ (فنکشنل) کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیرپگارا صبغت اللہ شاہ راشدی کی صدارت میں راجہ ہائوس میں ہوا۔

اجلاس میں غلام مرتضیٰ جتوئی، سید جلال محمود شاہ، ڈاکٹر خالد سومرو، سید غوث علی شاہ،ایاز لطیف پلیجو، قادر مگسی، اویس نورانی، محمد حسین محنتی، مولانا اسد اللہ بھٹو، پختونخواہ پاشا گل، ثروت اعجاز قادری، الٰہی بخش بکک، قمر بھٹی، علی حسن چانڈیو، ریاض چانڈیو، مشتاق پھل، الٰہی بخش چاچڑو دیگرنے شرکت کی، سندھ بچائو کمیٹی میں شامل 10 جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں حکومت کی جانب سے عوام پر مسلط کیے گئے سندھ پیپلزلوکل گورنمنٹ ایکٹ 2012کی واپسی پر سندھ کے عوام اور سندھ بچائو کمیٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں کو مبارک باد پیش کی گئی۔

1

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں سندھ بچائو کمیٹی میں شامل10جماعتیں انتخابی اتحاد کا اعلان کرتی ہیں اور جس حلقے میں جس اتحادی جماعت کا مضبوط امیدوار ہوگا اتحاد میں شامل تمام جماعتیں اس کی بھرپور حمایت کریں گی، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (فنکشنل)کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا پیر صبغت اللہ شاہ راشدی نے کہا کہ سندھ بچائو کمیٹی ماضی کی طرح مستقبل میں بھی اپنا سیاسی کردار بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔