ملک کے بیشتر حصوں میں طوفانی بارش نظام زندگی متاثر 7 افراد جاں بحق

ٹریفک جام،پروازیں متاثر،چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ،نالہ ڈیک میں طغیانی،درخت،سائن بورڈگرگئے،درجنوںزخمی


لاہور:موسلادھار بارش کی وجہ سے مصروف ترین شاہراہ لکشمی چوک زیر آب آگئی جس کے باعث گاڑیوں اور راہ گیروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو ایکسپریس

ISLAMABAD: لاہور سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسلا دھار اور طوفانی بارش ہوئی، مکانات کی چھتیں گرنے، نالوں میں طغیانی اور دیگر واقعات میں 7 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ بارشوں کے بعد آبی ذخائر کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی، دریائے چناب میں مرالہ اور خانکی کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

لاہور میں شالیمار کے علاقے میں شیخاں والی گلی میں محنت کش اکرم کے مکان کی بوسیدہ چھت تیز بارش کے باعث زوردار دھماکے سے گر گئی جس کے باعث اس کی 14سالہ بیٹی ردا ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئی۔ بادامی باغ میں کھوکھر روڈ پر پلاسٹک دانہ فیکٹری کی چھت گرنے کے باعث فیکڑی میں کام کرنیوالی دو خواتین فضیلت، شمیم اور ایک شخص جمیل زخمی ہو گئے۔ جوہر ٹائون کے ایف بلاک میں مکان کی چھت گرنے سے علی اوراس کی والدہ زینب زخمی ہو گئے، ڈیفنس اے مسجد چوک میں رکشہ ڈرائیور رحمت بارش سے بچنے کے لیے درخت کے نیچے کھڑا تھا کہ تیز ہوائوں کے باعث درخت ٹوٹ کر اس کے رکشہ پر گر پڑا جس کے باعث وہ زخمی ہو گیا۔

گارڈن ٹائون میں سائن بورڈ گرنے سے دو موٹر سائیکل سوار سلیم اور وسیم زخمی ہو گئے جبکہ ٹریفک جام ہوگئی۔شہر میں مختلف مقامات پر بارش کے دوران زخمی ہونے والوں میں اسلم، ندیم، اکرم، شاہد، اویس وغیرہ شامل ہیں۔شاد باغ کے عزیزچوک میں زیرتعمیر پلازہ کی بالائی منزل زوردار دھماکا سے گرگئی۔ لاہور میں موسلادھار بارش اورآندھی سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، شہرکی تمام چھوٹی اوربڑی سٹرکیںاور نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہونے سے گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں بند ہوگئیں۔

بارش کا پانی گھروں، دکانوں میں گھس گیا جس سے قیمتی سامان تباہ ہوگیا۔ بعض سڑکوں سے پانی پانچ چھ گھنٹے گزرنے کے باوجود نہ نکالا جا سکا۔ لاہورمیں تقریباً ایک گھنٹے میں79ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے بعد حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ راولپنڈی کے علاقے گلریز میں موسلا دھار بارش کے باعث کچا مکان زمین بوس ہونے سے 2بچے ڈیڑھ سالہ بھائی اور چھ سالہ بہن جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد شہر میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی۔

راولپنڈی کے علاقے جراحی بس سٹاپ کے قریب ظاہر شاہ کی دو بیٹیاں8سالہ ماریہ اور3سالہ گل گھر سے باہر نکلیں اور قریبی نالہ میں گر گئیں جس کی تیز لہریں انہیں بہا لے گئی ہیں رات گئے تک لاشیں نہ مل سکیں۔ مظفرآباد کے علاقے لمنیاں میں شدید بارش سے نالہ میں طغیانی آگئی جس کے نتیجے میں2کمسن بہنیں ڈوب گئیں'ایک کو زندہ بچا لیا گیا۔ہنگو میں بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق اور چار دیواری گرنے سے دو زخمی ہوگئے۔

پشاور، صوابی، شمالی وزیرستان سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ سمیت وسطی اور بالائی پنجاب،خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج اکثر مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ اور خانکی کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

دریائے چناب کے ساتھ گوجرانوالہ،گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد اور منڈی بہائوالدین کے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خطرہ ہے، دریائے چناب کے کنارے آباد درجنوں دیہات خالی کرنے کی وارننگ جار کر دی گئی۔ پسرور کے نالہ ڈیک میں طغیانی آنے سے دو دیہات جبوکے اورنوادے زیر آب آگئے،سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی دھان کی فصل تباہ ہوگئی۔ بدین میں تیز ہوائوں کے باعث سمندر کا پانی ساحلی علاقوں میں داخل ہونے لگا، سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصل تباہ ہو گئی، کئی کچے مکانات کی چھتیں اڑ گئیں۔

اسلام آباد میں موسم کی خرابی کے باعث پی آئی اے کی ایک درجن ملکی اور غیر ملکی پروازوں کی آمد ورفت متاثرہوئی ہے، بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ راولپنڈی کی چھت ٹپکنے لگی۔ خراب موسم کے باعث لاہور بھیجی جانیوالی پروازوں میں پی آئی اے کی پیرس ،مانچسٹر،ریاض، مسقط اور ابوظبی سے آنیوالی پروازیں شامل ہیں جبکہ نجی ائیر لائن کی ایک پرواز کو بھی لاہور بھجوا دیا گیا۔ کراچی سے اسلام آباد آنیوالی پرواز کو بھی لاہور اتارا گیا، جبکہ چار بین الاقوامی پروازیں ری شیڈول کی گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے