چورراستے سے اقتدارمیں آنیوالوں کی خواہش پوری نہیں ہوگی وزیراعظم

الیکشن سے نہیں ڈرتا،تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے کرینگے، عمائدین سے خطاب


الیکشن سے نہیں ڈرتا،تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے کرینگے، عمائدین سے خطاب۔ فائل فوٹو

وزیراعظم راجا پرویزاشرف نے کہا ہے کہ وہ الیکشن سے نہیں ڈرتے، الیکشن ان کا میدان ہے اور وہ ہروقت اس میں جانے کے لیے تیار ہیں، چور راستے سے اقتدار میں آنے والوں کی خواہش پوری نہیں ہوگی،اسلام آباد میں اپنے حلقے کے عمائدین کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجا پرویز اشرف کاکہنا تھا کہ وہ صحتمند سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور اپوزیشن کا احترام کرتے ہیں، تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے کیے جائیں گے۔

وزیراعظم کاکہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئی، مہنگائی اور بے روزگاری کے حل کیلیے اقدامات کیے گئے۔علاوہ ازیں وزیرمملکت برائے دفاع سردار سلیم حیدر اور سینیٹر سردارفتح محمد حسنی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کی حمایت اور تعاون سے حکومت موجودہ مشکلات پر قابو پالے گی۔کابینہ کی خصوصی کمیٹی تمام فریقین سے مشاورت کے بعد سفارشات کو حتمی شکل دے گی ۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

دریں اثناء وزیراعظم سے سابق وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ملاقات کی جس میں آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان حق خود ارادیت کی جدوجہد میں کشمیر کے عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں