افغان صوبے قندھارمیں فوجی اڈے پر خود کش حملے میں 45 اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 19 اکتوبر 2017
 بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے، افغان میڈیا

بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے، افغان میڈیا

کابل:  افغانستان کے صوبے قندھار میں فوجی اڈے پر خودکش حملے کے نتیجے میں 45 اہلکار ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبے قندھار میں فوجی اڈے پر خودکش حملے کے نتیجے میں 45 فوجی ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے، حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جب کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: افغانستان میں طالبان کے حملوں میں پولیس چیف سمیت 71 افراد ہلاک

افغان سیکیورٹی فورسز کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے بارود سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑایا جس کے بعد انہوں نے ملٹری بیس پر فائرنگ شروع کردی، دوسری جانب ملٹری بیس پر خود کش حملے اور فائرنگ کے دوران غیر ملکی افواج فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کو نشانا بھی بنایا جس کے نتیجے میں 10 طالبان مارے گئے۔

قندھار پولیس چیف نے حملے کی تصدیق کردی ہے تاہم وزارت دفاع کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا جب کہ طالبان نے حملے زمہ داری قبول کرلی ہے۔

واضح رہے کہ منگل کے روز صوبے پکتیا میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر طالبان کے حملے میں پولیس چیف سمیت 71 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔