فنکشنلاین پی پی مہراورشیرازی گروپ کا انتخابی اتحاد بنانیکا فیصلہ

انتخابی فہرستوں میں ردوبدل،حلقہ بندیوں میں گڑ بڑسے متعلق...


Staff Reporter August 05, 2012
انتخابی فہرستوں میں ردوبدل،حلقہ بندیوں میں گڑ بڑسے متعلق اعتراضات جلدپیش کیے جائینگے،گفتگو ۔ فائل فوٹو

حکومت کی حلیف جماعتوں فنکشنل مسلم لیگ ، نیشنل پیپلزپارٹی،مہر گروپ اور شیرازی گروپ نے آئندہ انتخابات میں اتحاد کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ اس کا باضابطہ اعلان جلد کردیا جائے گا یہ بات فنکشنل مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر امتیاز احمد شیخ نے نیشنل پیپلز پارٹی پارٹی کے چیئرمین میرمرتضیٰ جتوئی کی رہائش گاہ پرافطار و ڈنر کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پرحروں کے روحانی پیشوا اور فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیر پگارا، نیشنل پیپلزپارٹی کے سربراہ میرمرتضیٰ خان جتوئی ، مہر گروپ سے وفاقی وزیر غوث بخش مہر ، سردار علی گوہر مہر ، شیرازی گروپ کے سید اعجاز شاہ شیرازی کے علاوہ ذوالفقار کماریو ، شہریا مہر ، نعیم الرحمان ، سید ناصر شاہ اور دیگر سندھ کی اہم شخصیات بھی موجود تھیں ۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ انتخابی اتحاد کے اعلان کے بعد اس بات کا بھی فیصلہ کیا جائے گا کہ انتخابات میں ایک ہی انتخابی نشان سے حصہ لیا جائے ۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ملک خصوصاً سندھ کی سیاسی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی فہرستوں میں رد و بدل اور حلقہ بندیوں میں گڑ بڑ کی جا رہی ہے اس حوالے سے پیرپگارا کی ہدایت پر چیف الیکشن کمشنر سے فون پر رابطہ کیا ہے اور صورت حال سے آگاہ کردیا ہے جبکہ جلد ہی فنکشنل مسلم لیگ کا وفد چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرکے تحریری طور پر اعتراضات پیش کرے گا ۔ ہمیں چیف الیکشن کمشنر پراعتماد ہے کہ وہ اس صورت حال کوجلد بہتربنائیں گے ۔