گورنرسندھ کی واپسی کاخیر مقدم کرتے ہیں شرجیل میمن

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پیپلز پارٹی اورایم کیو ایم کے درمیان پل کا کردار ادا کیا ہے


Staff Reporter March 01, 2013
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کابل تعلیم کے فروغ کیلیے ایک انقلابی اقدام ثابت ہوگا۔ فوٹو: فائل

SYDNEY: پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اور صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی واپسی کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں ۔

گورنر ہی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وزرا کے استعفیٰ منظورکریں گے۔ سندھ اسمبلی سے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کا بل تعلیم کے فروغ کے لیے ایک انقلابی اقدام اور سنگ میل ثابت ہوگا۔ہمیں یقین ہے کہ وہ اس بل کی توثیق کردیں گے۔ شرجیل انعام میمن جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔ انھوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے متفقہ طورپرسندھ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا بل پاس کیا ہے۔بل کی مخالفت میں صرف دوسیاسی جماعتوں نیشنل پیپلزپارٹی اورایم کیو ایم نے اسمبلی سے واک آئوٹ کیا ۔اس یونیورسٹی کا قیام اورانتظام وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر نگرانی ہوگا اور 18 ویں ترمیم کے تحت صوبائی خودمختاری کے نظریہ کو فروغ دیتے ہوئے دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی طرح جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کے اختیارات بھی سندھ حکومت کو دیے گئے ہیں۔

2

انھوں نے کہا کہ اکثریتی رائے یہ تھی کہ تعلیم کے فروغ کیلیے اس بل کو پاس کیا جائے۔ موجودہ جمہوری حکومت نے جامعات کے نیٹ ورک کو بڑھایا ہے ۔ سندھ کی تاریخ میں جتنے کیڈٹ کالج اور جامعات پیپلز پارٹی کی حکومت نے قائم کیے کسی اورحکومت نے نہیں کیے۔ یہ تمام کاوشیں سندھ کی عوام کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ بات بالکل غلط ہے کہ بل کی کاپیاں چند نشستوں پر رکھی گئیں مخالفت کرنا جمہوری حق ہے لیکن نشستوں پربل کی کاپیوں کو نہ رکھنے کی وجہ بتانا ایسا ہی ہے جیسے مخالفت کی کوئی نہ کوئی وجہ بتانی ہو ۔ ہم نے سندھ کے وسیع تر مفاد میں تعلیمی شعبے کو خصوصی توجہ دی ہے۔ بہت جلد گورنر سندھ اس بل کی منظوری دے دیں گے۔