کراچی میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام ، 2 دہشت گرد گرفتار

 ہفتہ 21 اکتوبر 2017
گرفتار دہشت گردوں کی شناخت عبدالرحمان اور محمد سلطان کے ناموں سے ہوئی ہے، ایس پی نیوکراچی : فوٹو : فائل

گرفتار دہشت گردوں کی شناخت عبدالرحمان اور محمد سلطان کے ناموں سے ہوئی ہے، ایس پی نیوکراچی : فوٹو : فائل

نیوکراچی صنعتی ایریا میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 کارندوں کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود برآمد کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیوکراچی صنعتی ایریا میں پولیس نے کارروائی کرکے مبینہ طور پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 کارندوں کو گرفتار کرکے اسلحہ و بارود برآمد کرلیا ہے۔ ایس پی نیو کراچی شبیربلوچ کا کہنا ہے کہ اسنیپ چیکنگ کے دوران پولیس نے مشکوک سوزوکی کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ملزمان نے گاڑی روکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی پولیس نے تعاقب کرکے سوزوکی روک لی اور تلاشی کرکے کپڑوں میں چھپایا گیا اسلحہ کو برآمد کرلیا۔

ایس پی شبیربلوچ کے مطابق برآمد کئے گئے اسلحے میں 3 راکٹ لانچر اور 5 بارودی سرنگیں شامل ہیں جب کہ ایک ملزم کے قبضے سے پستول بھی برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے گاڑی میں موجود 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے جن کی شناخت محمدسلطان اور عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ۔

ایس پی نیو کراچی کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار دونوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے دونوں تخریب کاری کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہیں جنہیں مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔