سوشل میڈیا کے بغیرصدر نہیں بن سکتا تھا، ڈونلڈ ٹرمپ

ویب ڈیسک  اتوار 22 اکتوبر 2017
سوشل میڈیا پر پیغام لکھنا ایسا ہے جیسے ٹائپ رائٹر پر ٹائپ کرنا، ڈونلڈ ٹرمپ۔ فوٹو: فائل

سوشل میڈیا پر پیغام لکھنا ایسا ہے جیسے ٹائپ رائٹر پر ٹائپ کرنا، ڈونلڈ ٹرمپ۔ فوٹو: فائل

نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے برسراقتدار آنے میں سوشل میڈیا کا بہت بڑا کردار ہے جس کے استعمال کے بغیر وہ صدارتی الیکشن نہیں جیت سکتے تھے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے حال ہی میں ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی جیت کا سہرا سوشل میڈیا کے سرجاتا ہے جس کے بغیر ان کا امریکا کا صدر بننا بہت مشکل تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ارب پتی افراد کی فہرست میں ڈونلڈ ٹرمپ کی تنزلی

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ خود سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں جہاں پیغامات لکھنا ایسا ہی ہے جیسے ٹائپ رائٹر پر لکھنا، آج کل ہرکوئی سوشل میڈیا استعمال کرتا ہے جس کے ذریعے پیغام براہ راست پوری دنیا تک پہنچ جاتا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ مجھے کچھ بھی کہنا ہوتا ہے وہ سوشل میڈیا کے ذریعے ہی کہہ دیتا ہوں اور  براہ راست پیغام بھیجنے سے غیر شفاف میڈیا کوریج سے بچ جاتاہوں، اس کے علاوہ کوئی میرے بارے میں کچھ بھی کہتا ہے میں اس کا فوراً جواب دے دیتا ہوں، موجودہ دور میں سوشل میڈیا پیغام رسانی کا بہت زبردست پلیٹ فارم ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔