زیرو ریٹڈ شعبوں پر 2 فیصد سیلز ٹیکس کا اطلاق نوٹیفکیشن جاری

بجلی پر چھوٹ برقرار، زیرو ریٹڈ پراڈکٹس کی ریٹیل فروخت پر بھی 2 فیصد سیلز ٹیکس عائد


Irshad Ansari March 02, 2013
کمرشل امپورٹرز کی درآمدات پر سیلز ٹیکس کے ساتھ 2 فیصد ویلیو ایڈیشن ٹیکس بھی لاگو۔ فوٹو : فائل

وفاقی حکومت نے ود ہولڈنگ ٹیکس میں اضافے کے بعد 5 زیرو ریٹڈ شعبوں کیلیے چھوٹ ختم کرکے 2 فیصد کی رعایتی شرح سے سیلز ٹیکس عائد کردیا جبکہ پرچون فروش تاجروں پر بھی ان شعبوں کی تیار کردہ اشیا کی فروخت پر 2 فیصد سیلز ٹیکس لگادیا تاہم مذکورہ 5شعبوں کیلیے بجلی پر صفر سیلز ٹیکس کی سہولت جاری رکھی جائے گی۔

اس ضمن میں گزشتہ روزایس آر او نمبر 154(I)/2013 جاری کردیا گیا، نوٹیفکیشن کا اطلاق یکم مارچ 2013 سے ہوگا جس کے تحت ایف بی آر نے 31 دسمبر 2011 کو جاری ایس آر او نمبر1125(I)/2011 میں ترامیم کردی ہیں۔ ترمیمی ایس آر او میں کہا گیا ہے کہ کمرشل امپورٹرز کی درآمدات پر 2 فیصد سیلز ٹیکس کے ساتھ درآمدی سطح پر 2 فیصد ویلیو ایڈیشن ٹیکس بھی عائد کردیا گیا ہے، ان اشیا کی ٹیکسٹائل، لیدر، اسپورٹس، کارپٹ اور سرجیکل سیکٹر کو سپلائی پر 2 فیصد رعایتی سیلز ٹیکس عائد ہوگا جبکہ دیگرشعبوں کو سپلائی پر 5 فیصد سیلز ٹیکس لیا جائیگا۔



زیرو ریٹڈ شعبوں کی اشیا کی مقامی سپلائی پر 2 فیصد سیلز ٹیکس لیا جائیگا جبکہ رجسٹرڈ پرچون فروش دکانداروں پر بھی ان اشیا کی عام صارف کو فروخت پر 2 فیصد سیلز ٹیکس عائد کردیا گیا ہے تاہم یہ ایڈجسٹ کیا جا سکے گا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ عام عوام کے استعمال کیلیے درآمد کی جانے والی تیار شدہ اشیا پر بھی 2 فیصد سیلز ٹیکس اور 2 فیصد ویلیو ایڈیشن ٹیکس وصول کیا جائیگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق رجسٹرڈ مینوفیکچررز کی طرف سے منگوائی جانے والی مشینری، اسپیئر پارٹس و آلات اور لبریکنٹس پر ادا کردہ ٹیکس کی بھی ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کی اجازت ہوگی۔