مواچھ گوٹھ دوران آپریشن ملزمان کی فائرنگاہلکارسمیت 3زخمی

ملزمان متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے، پولیس، ماڑی پور روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا.


Staff Reporter March 02, 2013
پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشن کیخلاف مواچھ گوٹھ کے مکین سڑک پر احتجاجی دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ماڑی پور پولیس نے مواچھ گوٹھ میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

اس دوران فا ئرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ،گرفتاریوں کے خلاف شہریوں نے مظاہرہ کیا اور گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا ، احتجاج کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مزید 2 افراد زخمی ہوگئے ،احتجاج کے باعث ماڑی پور روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق ماڑی پور پولیس نے مواچھ گوٹھ میں گذشتہ روز جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اس سلسلے میں ایس ایچ او شفیق تنولی نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس نے 10 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ، آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی اور کسی کو بھی علاقے میں داخل ہونے یا علاقے سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ،پولیس کے مطابق ملزمان متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے ، اس دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مواچھ گوٹھ چوکی کا انچارج 45 سالہ حاجی لیاقت ولد عبدالمجید زخمی ہوگیا۔



مضروب کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا ، علاقے میں گرفتاریوں کے خلاف علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے اور ماڑی پور روڈ پر مظاہرہ کیا ، مظاہرین نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی ،ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے بے گناہ افراد کو گرفتار کیا ہے ،مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے،اس دوران نامعلوم افراد نے ہنگامہ آرائی کی اور فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں مریم جوکھیو اور خان محمد زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا ، احتجاج کے باعث ماڑی پور روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا جس سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کردیا ۔