حکومت کا آئندہ مالی سال کے لئے ڈالر کی قیمت 99 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ

ڈالرکی قیمت کنٹرول،ترسیلات زرنہ بڑھائی گئیں تو آئندہ سال ملک میں مہنگائی کانیا طوفان آجائے گا،سینئرافسروزارت خزانہ


ویب ڈیسک March 02, 2013
ڈالرکی قیمت کنٹرول اورترسیلات زرنہ بڑھائی گئیں تو آئندہ سال ملک میں مہنگائی کانیا طوفان آجائے گا،سینئرافسروزارت خزانہ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

حکومت نے آئندہ مالی سال 14 - 2013 کے لئے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی سرکاری قیمت 99 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ملک کے ذمہ واجب الادا غیر ملکی قرضوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہو جائے گا۔


ایکسپریس نیوز کو وزارت خزانہ سے دستیاب دستاویز کے مطابق وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں سے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال 14-2013 کے لئے درآمدات کے بلوں کی ادائیگی اور غیر ملکی دوروں، بیرون ممالک تربیتی کورسز، بین الاقوامی اداروں کو ڈالرز میں کی جانے والی ادائیگیوں، کتابوں و رسائل کی خریداری سمیت دیگر پوشیدہ اخراجات کے لئے درکار غیر ملکی زرمبادلہ کا بجٹ ڈالر کی قیمت 99 روپے فی ڈالر کو مد نظر رکھتے ہوئے بنایا جائے تاکہ آئندہ مالی سال کیے ئے درکار غیر ملکی زرمبادلہ کا تخمینہ لگایا جاسکے۔


اس بارے میں جب وزارت خزانہ کے سینئر افسر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ رواں مالی سال 13-2012 کے لئے روپے اور ڈالر کا پیریٹی ریٹ 95 روپے مقرر کیا گیا تھا لیکن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 100 روپے تک ہوگئی جس کے باعث ڈالر اور روپے کی پیریٹی کے فرق پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے 97 روپے کردیا گیا ہے، مذکورہ افسر نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے لئے ڈالر اور روپے کی پیریٹی کا ریٹ 99 روپے مقرر کیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ اگر ڈالر کی قیمت کو کنٹرول نہ کیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ ترسیلات زر نہ بڑھائی گئیں اور اخراجات پورے کرنے کے لئے بیرونی امداد و قرضے نہ ملے تو آئندہ مالی سال کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 105 روپے تک جانے کا خطرہ ہے جس کے باعث ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آ جائے گا۔