گول مال اگین؛ مداح کی اجے دیوگن پر مقدمہ کرنے کی دھمکی

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 اکتوبر 2017
’’گول مال اگین‘‘ سات روز میں 136 کروڑ 7 لاکھ سے زائد کا کھڑکی توڑ بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے؛فوٹوفائل

’’گول مال اگین‘‘ سات روز میں 136 کروڑ 7 لاکھ سے زائد کا کھڑکی توڑ بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے؛فوٹوفائل

ممبئی: حال ہی میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ’’گول مال اگین‘‘ دیکھنے کے بعد ایک مداح نے اداکاراجے دیوگن اور ہدایت کارروہت شیٹھی پر مقدمہ کرنے کی دھمکی دے دی۔

نامور بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن حقیقی زندگی میں کافی سنجیدہ مزاج ہیں، مختلف تقریبات میں انہیں بہت کم کھل کر ہنستے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ اپنی شخصیت کے پیش نظر اجے دیوگن فلموں میں بھی زیادہ تر سنجیدہ کردار ہی ادا کرتے ہیں۔ لیکن اس کایہ مطلب نہیں کہ وہ کوئی اور کردار ادا نہیں کرسکتے اس کی سب سے بڑی مثال حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’’گول مال اگین‘‘ہے جس میں اجے دیوگن کی مزاحیہ اداکاری کو شائقین کی جانب سے بھرپور پزیرائی حاصل ہوئی ہے اور فلم باکس آفس پر کمال دکھانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ’’گول مال اگین‘‘نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے

اداکاراجے دیوگن، تبو، ارشد وارثی، پرینیتی چوپڑا، تشار کپور، کنال کھیمو اور شریاس تلپڑے جیسے بالی ووڈ کے نامور اداکاروں سے سجی فلم ’’گول مال اگین‘‘رواں ماہ 20 اکتوبر کو نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ ریلیز سے قبل کسی کو بھی امید نہیں تھی کہ فلم اتنا زیادہ بزنس کرے گی۔ تاہم بھارتی تجزیہ نگار کے مطابق بھارت کے سینماؤں میں فلم کی شاندار نمائش جاری ہے اور ’’گول مال اگین‘‘ سات روز میں 136 کروڑ 7 لاکھ سے زائد کا بزنس کرکے فلم ’’باہو بلی2‘‘ کے بعد رواں سال کی دوسری کامیاب فلم بن گئی ہے۔

فلم لوگوں کو اتنی زیادہ پسند آئی ہےکہ شائقین انوکھے اوردلچسپ انداز میں فلم کی تعریف کررہے ہیں۔ حال ہی میں ایک شخص نے ٹوئٹر پر اجے دیوگن اور روہت شیٹھی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اگر آپ نے مستقبل میں ’’گول مال‘‘بنانی بند کی تو میں آپ دونوں پر مقدمہ کردوں گا‘‘۔

امیت نامی مداح نےدراصل مختلف اور انوکھے انداز میں فلم کی تعریف کی ہے ان کے کہنے کا مقصد ہے کہ آپ لوگوں نے اتنی اچھی فلم بنائی ہے کہ اسے مستقبل میں بھی بنانا جاری رکھیئے گا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے فلم کی پوری ٹیم کے لیے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

اجے دیوگن کہاں چپ بیٹھنے والے تھےانہوں نے بھی مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا ’’ایسا مت کرنا ورنہ جیل میں بیٹھ کر بنانی پڑے گی‘‘۔

https://twitter.com/ajaydevgn/status/921624034638422016

صرف یہی نہیں اجے دیوگن نے فلم پر تبصرے کرنے والے مزید افراد کو ٹوئٹر پر براہ راست دلچسپ جوابات دئیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ جیسی امید تھی ’’گول مال اگین‘‘اس سے بڑ ھ کرنکلی، فلم دیکھتے ہوئے میں اتنا ہنسا کہ آنکھوں میں آنسو آگئے۔ اس کے جواب میں اجے دیوگن نے کہا ’’تو پھر ٹشو پیپر لے کر جانا تھا‘‘۔

https://twitter.com/ajaydevgn/status/921624494082465793

ایک اور صارف  نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے اسے پچھلے دس سال کی سب سے بڑی فلم قرار دیا جس کے جواب میں اجے دیوگن نے کہا ’’دس سال کی  سب سے بڑی فلم؟ یہ تھوڑا زیادہ نہیں ہوگیا‘‘۔

https://twitter.com/ajaydevgn/status/921626085497782273

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔