متحدہ اپوزیشن کا ٹرین مارچ محبت اورجمہوریت کا قافلہ ہے

ٹرین مارچ کی کراچی سے روانگی پر معراج الہدیٰ، سلیم ضیا اور دیگر کا خطاب۔


ٹرین مارچ کی روانگی کے موقع پر اجتماع سے معراج الہدیٰ خطاب کررہے ہیں ، سلیم ضیا بھی موجود ہیں۔ فوٹو: آن لائن

کراچی میں جاری قتل وغارت گری، ٹارگٹ کلنگ کے خلاف اور شفاف انتخابات کے لیے متحدہ اپوزیشن کا ٹرین مارچ اتوار کو راولپنڈی کیلیے روانہ ہوگیا۔

مارچ کے شرکا6مارچ کو راولپنڈی پہنچیں گے جہاں شرکا قافلے کی صورت اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے آفس پہنچیں گے، بعدازاں قائدین چیف الیکشن کمیشن سے ملاقات کے موقع پر انھیں یادداشت پیش کریں گے، ٹرین مارچ کی قیادت جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی کررہے ہیں، ان کے ہمراہ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز سہتو، کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امرا راجہ عارف سلطان،مسلم لیگ(ن) کے رہنما سلیم ضیا،مسلم لیگ فنکشنل کے شاہد سومرو، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما مستقیم نورانی، عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، سندھ ترقی پسند پارٹی کے گلزار سومرو اور دیگر رہنما شامل ہیں۔

8

ٹرین مارچ کی روانگی سے قبل کینٹ اسٹیشن پر جلسہ عام منعقد کیا گیا جس سے معراج الہدی صدیقی،اسد اللہ بھٹو، مسلم لیگ(ن) کے رہنما سلیم ضیا،جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی نائب صدر اویس نورانی، جمعیت علمائے اسلام (س) کے مفتی عثمان یار خان، مولانا غلام مصطفی، عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یار خان ایڈووکیٹ اور دیگر نے خطاب کیا، معراج الہدی نے کہاکہ شہر میں یرغمالی گروہ کسی کو برداشت نہیں کرنا چاہتا، ٹرین مارچ محبت اورجمہوریت کا قافلہ ہے، ہم عوام کو محفوظ اور شہر کو ایک مرتبہ پھر روشنیوں کاشہر بنائیں گے، اویس نورانی نے کہاکہ یہ ٹرین مارچ ریفرنڈم ثابت ہوگا، دہشت گردوں، بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کو مل کر نکیل ڈالے گا، سلیم ضیا نے کہاکہ ہم الیکشن چاہتے ہیں سلیکشن نہیں، کراچی میں ہونے والے انتخابات دھونس و دھمکی اور دھاندلی سے ہوتے ہیں۔