پی آئی اے کا ایک اور کارنامہ، 2 پاکستانیوں کی میتیں امریکا میں بھول آئی

ویب ڈیسک  منگل 31 اکتوبر 2017
قومی ایئرلائن غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں شریک اور ان سے معذرت خواہ ہے، ترجمان پی آئی اے۔ فوٹو: فائل

قومی ایئرلائن غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں شریک اور ان سے معذرت خواہ ہے، ترجمان پی آئی اے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: پی آئی اے کے عملے کی لاپرواہی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے اور قومی ائرلائن 2 پاکستانیوں کی میتیں ہی امریکا میں بھول آئی۔

ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور نے واقعے پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایئرلائن غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں شریک اور معذرت خواہ ہے۔ انکا کہنا تھا کہ دونوں میتیں نیویارک میں قومی ایئرلائین کو گراؤنڈ ہینڈلنگ سروس دینے والی ایجنسی کی لاپرواہی کی وجہ سے امریکا ہی میں رہ گئی جس پر ایجنسی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول نے نیویارک میں دو پاکستانیوں کی میتیں رہ جانے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اورمیتوں کی آخری رسومات تک تمام انتظامات ادارے کو کرنے کے احکامات جاری کیئے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے مشہودتاجورنےبتایا ہے کہ مرحوم ناصرعلی کی میت اتحاد ایئرلائین کے ذریعے یکم نومبر کو لاہور پہنچائی جائے گی جبکہ مرحوم نعمان بدر کی میت ان کے اہل خانہ کی ہدایات پر امریکا کے قبرستان میری لینڈ میں دفنائی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔