ملک بھر میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی جائے سیاسی و مذہبی رہنما

واقعہ انتشار پھیلانےکےمترادف ہے،حکومت امن و امان کےقیام میں ناکام ہوچکی ہے،عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے.


Staff Reporter March 05, 2013
شاہ تراب الحق، ڈاکٹرابوالخیرزبیر، فضل کریم، طارق محبوب، حنیف طیب، انجینئرنوید قمر، قاضی احمد نورانی اور دیگر کی مذمت. فوٹو: ایکسپریس / فائل

KARACHI: مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے عباس ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ ملک میں انتشار پھیلانے کے مترادف ہے۔

حکومت اپنی ذمے داریوں سے غافل ہوتی جارہی ہے، عوام کی جان و مال کا تحفظ مشکل سے مشکل تر ہوگیا ہے ، حکومتی اہلکاروں کی شاہ خرچیاں عروج پر ہیں، تفصیلات کے مطابق جماعت اہلسنت کراچی کے امیر علامہ سید شاہ تراب الحق قادری نے عباس ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوںکا سراغ لگا کر انھیں سرعام سزائیں دی جائیں اور عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

پنجاب سمیت ملک بھرمیں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی جائے،جمعیت علمائے پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر،سینئر نائب صدر شاہ محمد اویس نورانی صدیقی ، سیکریٹری جنرل قاری محمد زوار بہادر اور چیئرمین سپریم کونسل پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے اور پاک ایران تعلقات میں دراڑیں ڈالنے کیلیے امریکا اور اس کے ایجنٹ پاکستان میں شیعہ سنی دیوبندی علما، مشائخ اور ذاکرین کو نشانہ بنا رہے ہیں،کراچی سے کوئٹہ تک پورا ملک دہشت گردوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔



مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں بے گناہ افراد کا قتل ِ عام انتہائی تشویش ناک ہے اسے نہ روکا گیا تو ملک کی جڑیں ہل جائیں گی، مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم کی اپیل پرسانحہ عباس ٹاؤن کراچی میں بم دھماکوں اور دہشت گردی میں بے گناہ معصوم افراد کے جاں بحق ہونے کے خلاف پیرکوملک بھر میںیوم سوگ منایاگیا، اس سلسلے میں کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جاںبحق ہونے والوں کے لیے قرآن خوانی اوردعائیہ اجتماعات منعقد کیے گئے۔

اس سلسلے میںمرکزی بیت المصطفیٰ پرمرکزی دعائیہ تقریب منعقد کی گئی جس میںسنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما اور اے این آئی پاکستا ن کے سرپرست اعلیٰ طارق محبوب و دیگر نے خصوصی شرکت کی،صاحبزادہ فضل کریم اور دیگر رہنماؤں نے سانحہ عباس ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والے سیکڑوں افراد کے لواحقین سے دلی افسوس اورتعزیت کا اظہارکیاہے، متحدہ علما محاذ پاکستان کے چیئرمین مفتی محمد اسلم نعیمی، بانی و سیکریٹری جنرل مولانا امین انصاری،مولاناانتظارالحق تھانوی، مولانا عامر عبد اللہ محمدی، مولاناشاہدین اشرفی ، نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی محمد حنیف طیب ،جماعۃ الدعوۃ کراچی کے امیر انجینئر نوید قمر ،جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنماعلامہ قاضی احمدنورانی نے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدرسینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا ایجنڈا کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، سانحہ عباس ٹاؤن سے پوری انسانیت لزرا اٹھی ہے،دہشت گرد ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت شہر کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں،عباس ٹاؤن بم دھماکہ کسی مخصوس فرقے یا زبان پر حملہ نہیں بلکہ پوری انسانیت پرحملہ ہے،ہر صورت میں شرپسندوں پر گہری نظر رکھنا ہوگی،پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹوکی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے عباس ٹاؤن میں بم دھماکوں کے نتیجے میں بے گناہ افراد کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں کو عوامی طاقت کے ذریعے زبردستی مسند اقتدار سے باہر نکالنا ہوگا ورنہ وہ امریکا اور ان کے اتحادیوں کی غلامی میں ملک کی سلامتی اور وحدانیت داؤ پر لگا دیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ( ق ) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پائیدار امن کے لیے سیاسی جماعتوں کی جانب سے مشترکہ جدجہد کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں سانحہ عباس ٹاؤن میں شہید ہونے والوں کیلیے دعائیہ تقریب میں کارکنوں سے بات چیت کے دوران کیا،اجلاس میں شکارپوردرگاہ حاجن شاہ میں بم دھماکے میں زخمی گدی نشین حاجن شاہ کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا۔