زخمی مختلف اسپتالوں میں منتقل اہلخانہ تلاش میں پریشان
زخمی 2سرکاری اور 3نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، اسپتال میں انتظامات کی تعریف
DUBAI:
سانحہ عباس ٹاؤن میں بم دھماکے کے زخمیوں کومختلف اسپتالوں میں داخل کیے جانے کی وجہ سے اہل خانہ کو اپنے پیاروں کوپیرکوتلاش کرنے میں پریشانی کاسامنا کرنا پڑا۔
اتوارکوعباس ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکے کے زخمیوں کو 2سرکاری اسپتالوں جناح اورعباسی شہیداسپتال میں لایا اورداخل کیاگیا ہے جبکہ زخمیوں کی بڑی تعداد آغا خان اسپتال، لیاقت نیشنل اسپتال اورپٹیل اسپتال میں بھی لائی گئی تھی، پیرکوان زخمیوں کے اہلخانہ اپنے پیاروں کوتلاش کرنے کیلیے جناح اسپتال، عباسی شہید اسپتال سمیت نجی اسپتالوں کے چکر لگاتے رہے۔

پولیس سرجن کراچی ڈاکٹر اسلم پیچوکی جاری کردہ فہرست کے مطابق آغا خاں اسپتال میں 80زخمیوںکولایاگیاتھا ان میں سے13کوداخل کرلیاگیا جبکہ دیگر زخمیوں کوفوری طبی امداد دیکر رخصت کردیاگیا، لیاقت نیشنل اسپتال میں43زخمیوں کو لایاگیاان میں 15زخمیوں کوداخل کیاگیا، پیٹل اسپتال گلشن اقبال میں50زخمیوں کو لایاگیا،جناح اسپتال میں 9زخمی لائے گئے۔
عباسی شہید اسپتال میں21 زخمی لائے گئے۔ جناح اسپتال میں لائی جانے والی لاشوں کی تعداد33،ان میں 31مرد اور2 خواتین شامل تھیں، عباسی شہید اسپتال میں14لاشیں لائی گئیں جبکہ سول اسپتال ایک لاش لائی گئی ۔جناح اسپتال کی جوائنٹ ڈائریکٹر اور ایمرجنسی انچارج سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ عباس ٹاؤن میں بم دھماکے کے بعد جناح اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ تمام عملے کو الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کوفوری طبی امداد فراہم کی جاسکے ۔زخمیوں کے اہلخانہ نے بتایا کہ اسپتال کے شعبہ حادثات میں انتظامات بہترتھے زخمیوں کو ادویہ بھی فراہم کی جاتی رہیں۔