حیدرآباد ٹیسٹ بھارت نے آسٹریلیا کو اننگز اور135 رنز سے شکست دیدی

آسٹریلیا نے 74 رنز2کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری نامکمل اننگزکا آغاز کیا تواننگز کی ہزیمت سے بچنے کے لئے 192 رنز درکارتھے


ویب ڈیسک March 05, 2013
بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون نے 5، رویندر جدیجا نے 3 جبکہ ایشانت شرما نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، فوٹو: بی سی سی آئی

لاہور: بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 135 رنز سے شکست دے کر 4 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی،بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 503رنزبنائے۔

حیدر آباد دکن کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے چوتھے دن بھارتی اسپنرز نے کھانے کے وقفے سے قبل ہی کینگروز کا صفایا کردیا اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں 131 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے 74 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو انہیں اننگز کی ہزیمت سے بچنے کے لئے 192 رنز درکار تھے لیکن کوئی بھی آسٹریلوی کھلاڑی بھارتی اسپن اٹیک کے سامنے نہ ٹک سکا اور پوری ٹیم 131 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ایڈکوان نے سب سے زیادہ 44 اور وارنر نے 26 رنز بنائے، بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون نے 5، رویندر جدیجا نے 3 جبکہ ایشانت شرما نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ چیتیشور پجارا کو ڈبل سنچری پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

مسلسل دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد بھارت کو آسٹریلیا کے خلاف چار میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا تیسرا میچ 14 مارچ سے موہالی میں کھیلا جائے گا۔