کبھی بھی کرپٹ آدمی دوسرے کرپٹ آدمی کا احستاب نہیں کرسکتا ہے عمران خان

ایسےلیڈرز ملک کو کبھی آزاد نہیں کر سکتے ہیں جو دوسروں کی غلامی کرتے ہوں، عمران خان۔


ویب ڈیسک March 05, 2013
ایسےلیڈرز ملک کو کبھی آزاد نہیں کر سکتے ہیں جو دوسروں کی غلامی کرتے ہوں، عمران خان۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ کبھی بھی کرپٹ آدمی دوسرے کرپٹ آدمی کا احستاب نہیں کرسکتا، وہ صرف سمجھوتہ کرتا ہے۔

ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایسےلیڈرز ملک کو کبھی آزاد نہیں کر سکتے ہیں جو دوسروں کی غلامی کرتے ہوں، پاکستان کے لیڈرز ان لوگوں کی غلامی کرتے ہیں جن کے ملک میں ان کا پیسہ پڑا ہے، یہ پاکستان پر ظلم کرنے والوں کے خلاف کھڑے نہیں ہو سکتے، پاکستان کا سارا قبائلی علاقہ تباہ ہو گیا لیکن سب نے مل کر اس کا تماشہ دیکھا۔

تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کے ملک کے نوجوان میرا ساتھ دیں ہم ان ساری جماعتوں کا مقابلہ کرکے دکھائیں گے، پاکستان میں موجود ان جماعتوں میں کوئی فرق نہیں ہے صرف چوری کے طریقے الگ ہیں، ہمیں ان کا مقابلہ کرنا ہے،خاص طور پر مسلم لیگ (ن) کا جس نے 5 سالوں میں عوام کو دھوکا دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ یاد رکھنا کہ کبھی بھی کرپٹ آدمی دوسرے کرپٹ آدمی کا احتساب نہیں کرسکتا ، وہ صرف سمجھوتہ اور مک مکا کرتا ہے، آپ لوگوں نے 5 سالوں میں مک مکا کا نتیجہ دیکھ لیا ہے۔

عمران خان نے جلسے میں موجود نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے ساتھ چلے تو ہم ایک گیند پر 2 وکٹیں لے کر دکھائیں گے، ہم نیا پاکستان بنا کر دکھائیں گے جو آزاد اور خودمختار ہوگا، ملک میں سرمایہ کاری ہوگی اور کرپشن کا خاتمہ کریں گے،ملک میں مہنگائی کے ذریعے لوگوں کی جیبیں کاٹی جارہی ہیں، اور عوام پر ظلم ہو رہا ہے۔