کل بتاؤں گا کہ کراچی بم دھماکے میں کون ملوث تھا رحمان ملک

دہشتگردی کے منصوبوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کےعلاوہ دیگرعناصر بھی ملوث ہیں، رحمان ملک


ویب ڈیسک March 05, 2013
دہشتگردی کے منصوبوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کےعلاوہ دیگرعناصر بھی ملوث ہیں، رحمان ملک۔ فوٹو: فائل

لاہور: وزیرداخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ وہ کل بتائیں گے کہ کراچی بم دھماکے میں کون ملوث تھا، پنجاب حکومت بتائے کہ لشکرجھنگوی کے خلاف کیا کارروائی کی۔

اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ وہ کل بتائیں گے کہ کالعدم لشکرجھنگوی نے کوئٹہ اور کراچی کو کیوں چنا اور اس حوالے سے تمام حقائق ایوان میں پیش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی دہشت گردی کے واقعات کا مقصد انتخابات ملتوی کرانے کی بھی سازش ہے۔

رحمان ملک کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کےعلاوہ دیگرعناصر بھی ملوث ہیں، لشکر جھنگوی کے دفاتر سیل کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الزام لگانے کا سلسلہ ختم کیا جائے ہمیں پتہ ہے کہ ہم کیا کررہے ہیں۔