پاکستان اور بھارت کا مل کر کام کرنا بہت ضروری ہے، ماہرہ خان

ویب ڈیسک  منگل 14 نومبر 2017
  اس وقت حالات بھارت میں کام کرنے کی اجازت نہیں دیتے؛ ماہرہ خان؛ فوٹوفائل

اس وقت حالات بھارت میں کام کرنے کی اجازت نہیں دیتے؛ ماہرہ خان؛ فوٹوفائل

کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا ایک ساتھ مل کرکام کرنا بہت ضروری ہے۔

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور ہدایت کار شعیب منصور کی فلم ’’ورنہ‘‘کی ریلیز قریب آتی جارہی ہے اور ماہرہ زوروشور سے فلم کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ حال ہی میں فلم کی تشہیر کے حوالے سے دئیے گئے ایک انٹرویو میں ماہرہ خان نے  کہا کہ انہیں علم نہیں ہے فلم کیسی ہے کیونکہ انہوں نے فلم کی فائنل ایڈیٹنگ نہیں دیکھی ہے لیکن انہیں یہ معلوم ہے کہ لوگوں کو فلم سے بہت زیادہ امیدیں ہیں اورشائقین ان کی فلم دیکھنے کے لیے بےچین ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ماہرہ خان کی نئی فلم ’ورنہ‘ کی پہلی جھلک

ماہرہ نے بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا ایسا تھا جیسےمیرا خواب پورا ہوگیا ہو۔ میں فلم’’رئیس‘‘کی پوری ٹیم کے ساتھ جذباتی طور پرجڑ گئی تھی کیونکہ آپ جن لوگوں کے ساتھ لمبے عرصے تک کام کرتے ہیں، کھاتے پیتے ہیں، ان کے ساتھ رہتے ہیں ان تمام لوگوں کی یادوں سے پیچھا چھڑاناآسان نہیں ہوتا۔ فلم ’’رئیس‘‘کی ٹیم کو دیکھے ہوئے بہت عرصہ ہوگیا لیکن ہماری دوستی اب بھی بالکل پہلے کی طرح قائم ہے۔

ماہرہ نے کہا بھارت میں کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا تھا لوگ بھی بہت اچھے تھے لیکن وہاں کام کے دوران گھر کی بہت یاد آئی۔ بھارت میں مزید کام کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ  اس وقت حالات بھارت میں کام کرنے کی اجازت نہیں دیتے، صورتحال ایسی ہوگئی ہے کہ پاکستانی فنکار وہاں جاکر کام نہیں کرسکتے لیکن بحیثیت فنکار میرا ماننا ہے کہ فن اور ثقافت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ مثال کے طور پرمجھے فرانسیسی زبان سمجھ نہیں آتی لیکن مجھے فرنچ گانے بہت پسند ہیں۔ ماہرہ نے ایک اور مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب ہالی ووڈ کی فلمیں دیکھتے ہیں لیکن یہ بھی سچ ہے کہ وہ فلمیں ہمیں مکمل طور پر سمجھ نہیں آرہی ہوتیں۔ لیکن جب ہم بھارت اور پاکستان کی بات کرتے ہیں تو ہماری زبان ہمیں ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ماہرہ خان کی فلم’’ ورنہ‘‘کے بالی ووڈ میں چرچے

ماہرہ پاکستان اور بھارت کے مل کر کام کرنے پر یقین رکھتی ہیں، ان کاکہنا ہے کہ پاکستانی اور بھارتی فنکاروں کا ایک ساتھ مل کر کام کرنا بہت ضروری ہے۔ جب فلم’’رئیس ‘‘کو پاکستان میں ریلیز کرنے کی اجازت نہیں ملی تو انہیں بہت دکھ ہوا تھا کیونکہ وہ چاہتی تھیں کہ بالی ووڈ میں ان کا پہلا پروجیکٹ پاکستانی شائقین دیکھیں انہیں یقین ہے کہ ایک دن ایسا ضرور ہوگا جب ان کی فلم پاکستانی عوام دیکھے گی اور یہ لمحہ ان کے لیے باعث فخر ہوگا۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان کی فلم ’’ورنہ‘‘کی کہانی خواتین کے ساتھ زیادتی  کے گرد گھومتی ہے تاہم اس فلم میں متاثرہ خاتون کو ڈر کر اور چھپ کر بیٹھنے کے بجائے اپنے ساتھ ہوئی ناانصافی پرآواز اٹھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ فلم رواں ماہ 17 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔