ماہرہ خان کی فلم’’ ورنہ‘‘ کے ٹریلر کے بالی ووڈ میں چرچے

ویب ڈیسک  جمعرات 19 اکتوبر 2017
بالی ووڈ اداکار فرحان اختر نے فلم ’’ورنہ‘‘ کے ٹریلر کو دلچسپ قرار دیا ہے؛فوٹوفائل

بالی ووڈ اداکار فرحان اختر نے فلم ’’ورنہ‘‘ کے ٹریلر کو دلچسپ قرار دیا ہے؛فوٹوفائل

کراچی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی فلم ’’ورنہ‘‘کےٹریلر کے چرچے پاکستان سے نکل کر بھارت تک پہنچ چکے ہیں۔

دو روز قبل  ہدایت کار شعیب منصور اور ماہرہ خان کی فلم ’’ورنہ‘‘کا ٹریلر جاری کیا گیا، ٹریلرکے مطابق فلم کی کہانی سارہ(ماہرہ خان)کے ارد گرد گھومتی نظر آتی ہے، جس میں ماہرہ اپنے ساتھ ہونے والے ظلم اور دھوکے کا بدلہ لیتی، ملک میں موجود کرپٹ نظام کے خلاف لڑتی اور انصاف کے لیے جدوجہد کرتی نظر آرہی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ماہرہ خان کی فلم ’’ورنہ‘‘کا ٹریلر ریلیز

ٹریلر میں ماہرہ نے اتنی خوبصورت اداکاری کی ہے کہ پاکستان سمیت بھارتی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنےوالے فنکار بھی ان کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے۔ بالی ووڈ کے مشہور ہدایت کاراور اداکار فرحان اختر نے ٹوئٹر پر فلم ’’ورنہ‘‘کے ٹریلرکو دلچسپ قرار دیتے ہوئے ماہرہ خان اور فلم کی پوری ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جس کے جواب میں ماہرہ خان نے ان کا شکریہ اداکرتے ہوئے فرحان اختر کو فلم دیکھنے کا مشورہ دیا۔

https://twitter.com/FarOutAkhtar/status/920321399033536513

ماہرہ خان کو بالی ووڈ میں متعارف کرانے والے  فلم’’رئیس‘‘کے ہدایت کار راہول ڈھولکیا نے ٹوئٹر پر ٹریلر کی تعریف کی اور کہا  کہ ’’اب فلم دیکھنی ہے‘‘۔ ماہرہ خان نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیسا آپ ضروری سمجھیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: رنبیرکے ساتھ متنازع تصاویر پر ماہرہ خان نے خاموشی توڑدی

واضح رہے کہ فلم ’’ورنہ‘‘کے ٹریلر کو اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں، فلم میں ماہرہ خان مرکزی کردار ادا کررہی ہیں جب کہ ان کے ساتھ ہارون شاہد، ضرار احمد، نیمل خاوراور رشید نازبھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے، فلم 17 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔