گیس اور بجلی میں موجودہ سلیب ختم کرنے کی تیاری، نیا طریقہ کار تیار

پاور ڈویژن اور وزارت پیٹرولیم نے بجلی اور گیس صارفین کو سبسڈی دینے کیلئے نئی اکنامک سوشل رجسٹری تیار کر لی، ذرائع


ویب ڈیسک November 08, 2026

وفاقی حکومت نے  بجلی اور گیس صارفین کو سبسڈی دینے کا نیا طریقہ کار تیار کرلیا گیا جب کہ  عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) بجلی صارفین کیلئے یکم جنوری جبکہ گیس صارفین کیلئے فروری 2027سے نیا نظام نافذ  کرنا چاہتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ پاور ڈویژن اور وزارت پیٹرولیم نے بجلی اور گیس صارفین کو سبسڈی دینے کیلئے نئی اکنامک سوشل رجسٹری تیار کر لی۔

سبسڈی کے نئے نظام پر عملدرآمد کا فیصلہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کرے گی اور نئے سبسڈی نظام پر عملدرآمد سے پہلے ٹیسٹ رن کیا جائیگا۔

آئی ایم ایف نے بجلی صارفین کیلئے یکم جنوری جبکہ گیس صارفین کیلئے فروری 2027سے نیا نظام نافذ کرنے کی شرط رکھی ہے تاہم حکومت موجودہ سبسڈی کا طریقہ کار 30 جون 2027تک برقرار رکھنا چاہتی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم  شہباز شریف کی ہدایت پر ریلیف مزید 6 ماہ جاری رکھنے کا معاملہ آئی ایم ایف کے سامنے اٹھایا جائے گا جبکہ حکومت 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سبسڈی میں 6 ماہ توسیع دینے  کیلئے کوشاں ہے۔