پنجابی فلم ’’عاشق رنگ رنگیلے‘‘ کا گرینڈ پریمیئر لاہور کے مقامی سینما گھر میں منعقد

فلم ایک کامیڈی میوزیکل لو اسٹوری ہے، جس میں محبت، رومانس، مزاح، جذبات اور ایکشن کے دلکش رنگ شامل کیے گئے ہیں


خبرنگار November 07, 2026

لاہور:

محبت، رومانس، کامیڈی، موسیقی اور ایکشن سے بھرپور پنجابی فلم عاشق رنگ رنگیلےکا گرینڈ پریمیئر لاہور کے مقامی سینما گھر میں منعقد ہوا۔

 شو میں ملک ریاض، ندیم چیمہ، آئی ایم جی سی کے ڈائریکٹر عابد شیخ، گوشی خان سمیت فلم کی کاسٹ، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز، رائٹرز اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف شخصیات نے شرکت کی۔ریاض ملک کے ادارے ماں پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم عاشق رنگ رنگیلے کے پریمیئر شو کے موقع پر شاندار ریڈ کارپٹ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

فلم کے ہدایت کار ریاض ملک ہیں جبکہ فلم میں عباس اشرف، بشریٰ گلفام، ہنی شہزادی، افتخار ٹھاکر، قیصر پیا اور وکی کوڈو سمیت معروف فنکاروں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

فلم ایک کامیڈی میوزیکل لو اسٹوری ہے، جس میں محبت، رومانس، مزاح، جذبات اور ایکشن کے دلکش رنگ شامل کیے گئے ہیں۔ فلم کی کہانی میں  بیٹی کی لازوال محبت اور بے مثال جذباتی رشتے کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔معروف فنکاروں کی پرفارمنس، دلچسپ مکالموں اور موسیقی سے سجی یہ فلم شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کرنے کی توقع رکھتی ہے۔

پریمیئر میں شریک فلم بینوں نے فلم کی پیشکش، فنکاروں کی اداکاری اور کہانی کو سراہتے ہوئے اسے پنجابی سینما کے لیے ایک اچھی کاوش قرار دیا۔اس حوالے سے فلمی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی سینما کو اس وقت معیاری، بہترین اور عوامی دلچسپی کی حامل فلموں کی اشد ضرورت ہے۔ عاشق رنگ رنگیلے میں وہ تمام اجزا موجود ہیں جو آج کے شائقین سینما اسکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

فلم کی کامیڈی، میوزک، لو اسٹوری اور معروف فنکاروں کی یادگار پرفارمنس اسے عوامی توجہ کا مرکز بنا سکتی ہے اور یہ فلم شائقین کو دوبارہ سینما گھروں کا رخ کرنے پر آمادہ کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

فلمی حلقوں کے مطابق عباس اشرف، بشریٰ گلفام، ہنی شہزادی، افتخار ٹھاکر، قیصر پیا اور وکی کوڈو کی پرفارمنس فلم کا اہم حصہ ہے جو فلم بینوں کو مدتوں یاد رہے گی۔