سردیوں میں خشک جلد سے بچاؤ کے لیے پانچ غذائیں

جلد کی خشکی کی وجوہات میں جینیاتی عوامل اور خوراک دونوں شامل ہوسکتے ہیں


ویب ڈیسک November 07, 2026

موسم سرما میں سرد اور خشک ہوا جلد کی نمی کم کرکے اسے خشک، بے رونق اور کھردرا بنا سکتی ہے۔ موئسچرائزنگ کریمیں وقتی آرام دیتی ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق متوازن غذا بھی جلد کی صحت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

غذائیت کی ماہر انجو سود کا کہنا ہے کہ جلد کی خشکی کی وجوہات میں جینیاتی عوامل اور خوراک دونوں شامل ہوسکتے ہیں، جبکہ ضروری غذائی اجزا کی کمی جلد کو متاثر کرتی ہے۔

ماہر غذائیت روپالی دتہ کے مطابق روزانہ کیلوریز کا تقریباً 15 فیصد چکنائی اور تیل سے حاصل ہونا چاہیے۔ بعض افراد چکنائی سے حد سے زیادہ پرہیز کرتے ہیں، جس سے یہ مقدار ضرورت سے کم رہ سکتی ہے۔ سرد موسم میں جلد کی نمی برقرار رکھنے کے لیے وٹامن اے، سی اور ای سمیت اینٹی آکسیڈنٹس کا استعمال بھی مفید ہوسکتا ہے۔ مناسب پانی پینا بھی جلد کی صحت کے لیے اہم ہے۔

شکر قندی وٹامن اے اور بیٹا کیروٹین کا اچھا ذریعہ ہے۔ یہ غذائی اجزا جلد کی مرمت اور اسے سرد موسم کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ بادام، اخروٹ اور سورج مکھی کے بیج وٹامن ای، اینٹی آکسیڈنٹس اور ضروری فیٹی ایسڈز فراہم کرتے ہیں، جو جلد کے خلیوں کی حفاظت اور بحالی میں کردار ادا کرتے ہیں۔ روزانہ ایک مٹھی میوے یا بیج غذا میں شامل کیے جاسکتے ہیں۔

پالک میں آئرن، وٹامن ای، اے اور سی سمیت متعدد غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں۔ یہ جلد کی صحت اور خلیوں کی مرمت کے عمل میں مددگار ہیں۔ اسی طرح ایواکاڈو میں اینٹی آکسیڈنٹس، بیٹا کیروٹین، فولیٹ، اومیگا تھری فیٹی ایسڈز اور وٹامن سی و ای پائے جاتے ہیں، جو جلد کو غذائیت فراہم کرتے ہیں۔

مچھلی بھی اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کے حصول کا اہم ذریعہ ہے۔ سالمن، میکرل اور سارڈین جیسی مچھلیاں غذا میں شامل کی جاسکتی ہیں، تاہم انہیں ڈیپ فرائی کرنے کے بجائے گرل، بیک یا بھاپ میں پکانے جیسے نسبتاً صحت مند طریقے اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق متوازن غذا، مناسب پانی اور جلد کی دیکھ بھال کے معمولات سردیوں میں جلد کی صحت برقرار رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔