پی ٹی آئی نے میٹا کے تعاون سے ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک

غیر فعال یا منسوخ شدہ سموں کے ڈیٹا کے ذریعے واٹس ایپ پر فراڈ کی سرگرمیوں کا انکشاف


ویب ڈیسک November 06, 2026

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے میٹا کے تعاون سے سائبر فراڈ کی روک تھام کے لیے کارروائی کرتے ہوئے دوبارہ جاری کیے گئے موبائل نمبرز پر فعال ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام ان شکایات کے بعد کیا گیا جن میں غیر فعال یا منسوخ شدہ سموں کے ڈیٹا کے ذریعے واٹس ایپ پر فراڈ کی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا تھا۔

حکام کے مطابق پی ٹی اے نے میٹا کے ساتھ تقریباً ایک کروڑ ری سائیکل شدہ نمبرز کی فہرست شیئر کی ہے، تاکہ ان سے منسلک اکاؤنٹس کی جانچ کرکے غیر متعلقہ یا مشکوک اکاؤنٹس کو غیر فعال کیا جاسکے۔ سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے دونوں اداروں کے درمیان ماہانہ بنیادوں پر پانچ ہزار دوبارہ جاری کردہ نمبرز کی فہرست شیئر کرنے کا معاہدہ بھی طے پایا ہے۔

ملک میں ٹیلی کام آپریٹرز کے پاس اس وقت تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ ری سائیکل شدہ نمبرز موجود ہیں۔ پی ٹی اے کے مطابق اگر اصل صارف کی سم منسوخ ہونے کے باوجود اس سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹ فعال رہے تو نیا نمبر حاصل کرنے والا شخص یا سائبر مجرم اس کا غلط استعمال کرسکتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران میٹا نے ریگولیٹر کی جانب سے بھیجی گئی 82 فیصد شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مسائل حل کیے۔ پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل سیکیورٹی بہتر بنانا، شہریوں کو مالی اور سائبر فراڈ سے محفوظ رکھنا اور دوبارہ جاری ہونے والے نمبرز کے غلط استعمال کی روک تھام ہے۔