پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبے میں تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور چین کے تعاون سے پہلے پاکستانی خلا باز کو چینی خلائی اسٹیشن کے مشن میں شامل کیا جائے گا۔
چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے مطابق پہلا پاکستانی خلا باز شینژو 24 خلائی جہاز کے ذریعے چینی خلائی اسٹیشن پہنچے گا جبکہ مشن مکمل ہونے کے بعد شینژو 23 اسپیس کرافٹ کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا۔
چینی مینڈ اسپیس ایجنسی کا کہنا تھا کہ چین کے خلائی پروگرام کی تاریخ میں یہ چینی اور پاکستانی خلا بازوں کی پہلی مشترکہ پرواز ہوگی۔
ایجنسی نے بتایا کہ فروری 2025 میں چین اور پاکستان نے چینی خلائی اسٹیشن کے مشن میں شرکت کے لیے تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، مشن کے لیے ابتدائی، ثانوی اور حتمی مراحل کی سخت اسکریننگ اور جائزے کے بعد 2 پاکستانی خلا بازوں کا انتخاب کیا گیا تھا۔
چینی مینڈ سپیس ایجنسی نے بتایا کہ چین میں مختلف نوعیت کی تربیت مکمل کرنے اور تمام ٹیسٹ کامیابی سے پاس کرنے کے بعد منتخب 2پاکستانی خلا بازوں میں سے ایک اس مشن میں حصہ لے گا۔