کراچی ایئرپورٹ کے قریب ڈسپنسری میں عمرہ زائرین کو ویکسین لگانے کا سلسلہ روک دیا گیا

کراچی ائیرپورٹ پر قائم ویکسین کاؤنٹر بھی گزشتہ ماہ بند کر دیا گیا تھا، ذرائع


آفتاب خان November 07, 2026
فوٹو: فائل

کراچی ائیرپورٹ کے قریب واقع ڈسپنسری میں عمرہ زائرین سمیت سعودی عرب جانے والے مسافروں کو ویکسین لگوانے کا سلسلہ روک دیا گیا۔ 

ذرائع کے مطابق بارڈر ہیلتھ کی جانب کراچی ائیرپورٹ کے قریب واقع ڈسپنسری میں سعودی عرب جانے والے مسافروں کےلیے گردن توڑبخار اور انفلوائنزا ویکسن لگوانے کا سلسلہ ہفتے کوبند کر دیا گیا اور ویکسین لگائے جانے پر مکمل بندش کے زبانی احکامات گزشتہ روز جاری کیے گئے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ نادرا ایپ کے ذریعے ویکسین کی پہلے سے ادائیگی کے حامل مسافروں کو جمعے تک ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری رہا اور مذکورہ معاملہ مبینہ طور پر وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کی جانب سے جاری تحقیقات کے سبب پیدا ہوا جس کے نتیجے میں لازمی ویکسینیشن بند کر دی گئی۔

ذرائع نے مزید کہا کہ اس تناظر میں کراچی ائیرپورٹ پر قائم ویکسین کاؤنٹر بھی گزشتہ ماہ بند کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ بارڈر ہیلتھ سروسز نے 20 نومبر سے لازمی ویکسین کے دوبارہ آغاز کا مراسلہ جاری کر رکھا ہے، تاہم متعلقہ متعلقہ وزارت کی جانب سے ویکسین کی خریداری کے لیے جاری ٹینڈر بھی منسوخ کردیا گیا۔