کے ای ایس سی کا نظام کوجدید بنانے کا دعویٰ کھوکھلا نکلا

چند سال قبل بھی طویل بریک ڈائون کی ذمے داری نیشنل گرڈ سے فراہمی میں تعطل پر ڈال دی تھی


Staff Reporter August 06, 2012
چند سال قبل بھی طویل بریک ڈائون کی ذمے داری نیشنل گرڈ سے فراہمی میں تعطل پر ڈال دی تھی۔ فائل فوٹو

چند سال قبل پورے شہر میں مسلسل 17 گھنٹے تک بجلی کی عدم فراہمی کی ذمے داری کے ای ایس سی انتظامیہ نے مکمل طور پر نیشنل گرڈ سے ہونے والی بجلی کی فراہمی میں اچانک آنے والے تعطل پر ڈال دی تھی، اس سلسلے میں وزارت پانی و بجلی کی جانب سے قائم کی جانے والی کمیٹی نے کے ای ایس سی کی انتظامیہ کو کسی حد تک ذمے دار قرار دیا تھا۔

کے ای ایس سی انتظامیہ نے اس بحران کے بعد اعلان کیا تھا کہ انھوں نے خطیر رقم خرچ کرکے اپنے بجلی گھروں کو جدید ترین آلات سے لیس کردیا ہے اور آئندہ اس قسم کے تعطل کی صورت میں پورے شہر کو بجلی کی فراہمی معطل نہیں ہوگی تاہم ہفتے کی شام سے اتوار کی صبح تک جاری رہنے والے بریک ڈائون کے موقع پر نہ صرف کے ای ایس سی کے ماہرین اور انجینئرزکی قابلیت کی قلعی کھل گئی بلکہ بجلی گھروں اور گرڈ اسٹیشنز پر جدید آلات کی تنصیب کا دعویٰ بھی کھوکھلا ثابت ہوا کیونکہ کے ای ایس سی کے انجینئرز کی ناتجربہ کاری کے نتیجے میں نیشنل گرڈ سے ملنے والی بجلی کی وجہ سے بریک ڈائون سے ابتدا میں متاثرنہ ہونے والے علاقے بھی بجلی کی عدم فراہمی کا شکار ہوگئے، اس موقع پر ایک مرتبہ پھر کے ای ایس سی نے بریک ڈائون کا ملبہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ(این ٹی ڈی سی) پر ڈالنے کی کوشش کی تاہم وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکے۔