محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 16 نومبر 2017
محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن گزشتہ ماہ سری لنکا کےخلاف ون ڈے سیریز میں مشکوک قرار دیا گیا تھا . فوٹو : فائل

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن گزشتہ ماہ سری لنکا کےخلاف ون ڈے سیریز میں مشکوک قرار دیا گیا تھا . فوٹو : فائل

 لاہور: آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن ایک مرتبہ پھر غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے۔ 

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن گزشتہ ماہ سری لنکا کےخلاف ون ڈے سیریز میں مشکوک قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے یکم نومبر کو انگلینڈ میں بائیو مکینک ٹیسٹ دیا۔ ٹیسٹ کی رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ بولنگ ٹیسٹ کلیئر کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں، جس کے بعد انہیں مزید بولنگ سے روک دیا گیا ہے۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق بولنگ ٹیسٹ کے دوران اگر بولر کے بازو کا خم 15 ڈگری کی حد میں ہو تو بولنگ کی اجازت مل جاتی ہے لیکن اگلے 24 ماہ میں کسی وقت بھی دوبارہ ایکشن غیر قانونی ثابت ہوجائے تو ایک سال کیلیے پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :اظہر محمود کو محمد حفیظ کا ایکشن کلیئر ہونے کی امید

واضح رہے کہ آل راؤنڈر اس سے قبل بھی 2 مرتبہ مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آچکے ہیں اور ضابطے کے تحت وہ 12ماہ تک بولنگ نہیں کرسکے تھے تاہم آئی سی سی سے کلیئرنس کے بعد انہوں نے دوبارہ بولنگ شروع کی تھی لیکن ایک بار پھر ان کا بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔