کراچی میں’’ اناڑی ڈاکو‘‘ نے اکیلے ہی بینک کا صفایا کرڈالا

ویب ڈیسک  جمعـء 27 فروری 2015
واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا، پولیس، فوٹو: ایکسپریس نیوز

واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا، پولیس، فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی: بفرزون میں ڈکیتی کا انوکھا واقعہ پیش آیا جس میں تن تنہا ڈاکو دن دیہاڑے مزاحیہ فلم کی طرز پر بینک سے 6 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگیا اور سب منہ دیکھتے رہ گئے۔

ایکسپریس نیوز کو ملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق سخی حسن کے قریب دوپہر کے اوقات میں شلوار قمیض میں ملبوس شخص ہاتھ میں تھیلا لیے بینک میں داخل ہوا اور کیش کاؤنٹر کی لائن میں لگ گیا جہاں اس کا نمبر آتے ہی اس نے تھیلے میں موجود پستول اور دستی بم نکال لیا اور بینک کے عملے کو دھمکیاں دیں جس پر بینک کے گارڈ سمیت تمام عملہ پیچھے ہٹ گیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکو نے نقدی لوٹنے کے لیے کاؤنٹر پر لگا شیشہ توڑنے کی کوشش کی لیکن اس سے شیشہ نہ ٹوٹا تو اس نے کاؤنٹر پر چڑھ کر شیشہ اکھاڑ پھینکا جس کے گرنے سے ڈاکو خود بھی گھبرا گیا تاہم اس نے کاؤنٹر سے پھلانگ کر انتہائی جلد بازی میں نقدی رقم اپنے تھیلے میں بھری اور دیکھتے ہی دیکھتے 6 لاکھ کی رقم اٹھا کر چلتا بنا جب کہ اس موقع پر موجود مسلح گارڈ اور بینک عملہ ایک دوسرے کا منہ دیکھتے رہ گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے جبکہ ڈاکو دوران کارروائی اپنا رومال بھی بینک میں چھوڑ گیا جس سے اسے پکڑنے میں مدد مل سکتی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔