پنجاب میں آج رات سے 21 اگست تک بارشوں کی پیش گوئی

بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ، برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ


ویب ڈیسک August 16, 2026
(فوٹو : فائل)

لاہور:

پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کا الرٹ جاری کردیا جس میں 16 اگست رات سے 21 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاءالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارشوں کی پیش گوئی ہے، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور نورپور تھل میں بارش متوقع ہے، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈی جی خان میں 20 اور 21 اگست کو بارش ہو سکتی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 17 سے 20 اگست تک راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ  کا خدشہ ہے، مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہے، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے، برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے، شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں،  بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں، مون سون سیزن میں کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں، آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں شہری آسمانی بجلی سے بچاو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔

ڈی جی سیف انور جپہ کے مطابق بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں، عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں، ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔