پاکستان تحریک انصاف نے نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کیلیے ممکنہ ریفرنڈم کی حمایت کو بانی پی ٹی آئی کی منظوری سے مشروط کردیا، پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ریفرنڈم اور کے ماننے کی بنیاد کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔
مرکزی سیکریٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کہہ چکے کہ میرا بس چلے تو ہر ڈویژن کو صوبہ بنا دوں، صوبوں کے حوالے سے کلیئر اور ہمارا ہمیشہ صوبوں کے قیام کا موقف رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے کوئی مسودہ نہیں ہے، بلاول بھٹو بھی کہتے ہیں ان کے پاس بھی کوئی مسودہ نہیں اور نہ ہی باضابطہ طور پر انہیں بتایا گیا، ہمارا موقف ہے کہ ہم بانی سے اس حوالےسے مشاورت کریں گے ، ریفرنڈم آئین کی شق کا متبادل تو نہیں ہو سکتا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ریفرنڈم کو ماننے کی بنیاد کیا ہو گی اس کا فیصلہ بھی بانی ہی کریں گے، ہم اس فارم 47 کی حکومت اور ان کے ایم این ایز کو قبول نہیں کرتے تو ان کے ریفرنڈم کو کیسے قبول کر سکتے ہیں لیکن ریفرنڈم کے معاملے پر کور کمیٹی میں بحث ہوگی اس کے بعد ریفرنڈم سے متعلق بانی سے ہدایات لی جائیں گی اور حتمی فیصلہ وہ ہی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں زور زبردستی سے ریفرنڈ م کروا تو لیے گئے لیکن اس کو مانا نہیں گیا، ریفرنڈم کا ہمیشہ مذاق بنا ، اس کو کبھی مانا نہیں گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے بانی کی ذات اور صحت کے حوالےسے بیان کو ہم ویلکم کرتے ہیں لیکن بلاول بھٹو نے باقی جو باتیں کی ہیں وہ ہماری سمجھ سے باہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کہتے ہیں کہ پہلے اپنے گورنر فیصل کریم کنڈی سے استعفی دلوائیں، آئیں اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو بیان دیتے ہیں پھر ان کے والد سے ملاقات کے بعد معاملہ بیٹھ جاتا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پیپلز پارٹی پرانی تنخواہ پر واپس چلی جاتی ہے، ہم نے حتمی فیصلہ نہیں کیا کہ پارلیمانی کمیٹی جوائن کریں یا نہیں۔ اس حوالے سے ہم اپنی میٹنگز میں مشاورت کریں گے پھر کوئی فیصلہ کریں گے ، ہم انتخابی اصلاحات کے حق میں ہیں لیکن حکومت کو بھی مساوی معاملات کرنے پڑیں گے۔