اسحاق ڈار کی زیرصدارت اہم اجلاس، 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی سفارش کا فیصلہ

اجلاس میں ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کا جائزہ لیا گیا


ویب ڈیسک November 21, 2026
فوٹو: پی آئی ڈی

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس میں ملک میں اشیائے خورونوش کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کا جائزہ لیا گیا اور مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی سفارش کا فیصلہ کیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں ملک میں گندم کے موجودہ ذخائر اور مارکیٹ میں اس کی فراہمی کے نظام کا جائزہ لیا گیا تاکہ ملک بھر میں گندم کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔

اس موقع پر مناسب قیمتوں پر گندم کے وافر ذخائر برقرار رکھنے کے لیے ضرورت پڑنے پر گندم درآمد کرنے کے امکان پر بھی غور کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے زور دیا کہ تمام متعلقہ سرکاری ادارے، بالخصوص صوبائی محکمے، وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک بھر میں قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور باہمی تعاون برقرار رکھا جائے اور مصنوعی قلت یا قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ روکنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں۔

بیان کے مطابق اجلاس میں مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔