اسحاق ڈار اور ایاز صادق کی صدر زرداری سے اہم ملاقات

ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں پی پی رہنما بھی موجود تھے، ملک کی سیاسی صورت حال پر گفتگو


اسٹاف رپورٹر November 21, 2026

نائب وزیر اعظم کی سربراہی میں حکومتی وفد نے صدر مملکت سے اہم ملاقات کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں تین رکنی وفد ایوان صدر پہنچا جہاں صدر مملکت اور پی پی وفد سے ملاقت کی گئی۔

حکومتی وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف اور سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھیں۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل صدر زرداری کی وزیر اعظم اور پھر بلاول بھٹو سے ایوان صدر میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر ملاقات ہوچکی ہے جبکہ گزشتہ روز ایوان صدر میں کھانے پر صدر زرداری، بلاول بھٹو اور ایک اہم شخصیت کی بھی ملاقات ہوئی تھی۔

ایوان صدر کی جانب سے نائب وزیر اعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی زیادہ تفصیل جاری نہیں کی گئی تاہم بتایا گیا ہے کہ مجموعی سیاسی صورت حال پر دونوں رہنماؤں نے تبادلہ کیا۔