مسلسل 4 گھنٹے 100 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والی بیٹری کی تیاری

ویب ڈیسک  جمعرات 28 جولائی 2016
بیٹری دن کے اوقات میں دھوپ سے جب کہ رات کے وقت ونڈ ٹربائنوں سے پیدا ہونے والی بجلی ذخیرہ کرے گی۔ فوٹو؛ فائل

بیٹری دن کے اوقات میں دھوپ سے جب کہ رات کے وقت ونڈ ٹربائنوں سے پیدا ہونے والی بجلی ذخیرہ کرے گی۔ فوٹو؛ فائل

لاس اینجلس: امریکی شہر لاس اینجلس میں ایک ایسی بیٹری تیار کی جارہی ہے جو مسلسل 4 گھنٹے تک 100 میگاواٹ بجلی پیدا کرسکے گی اور اس سے شہر میں بجلی کی اضافی ضروریات پوری ہوسکیں گی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی شہر لاس اینجلس میں صبح اور شام کے اوقات میں بجلی کی مانگ سب سے زیادہ ہوتی ہے جب لوگ اپنے گھروں سے کام پر نکلنے کی تیاری کررہے ہوتے ہیں یا پھر اپنے کام سے گھر واپس پہنچے ہوتے ہیں۔ فی الحال ان اوقات میں بجلی کی اضافی طلب پوری کرنے کے لیے قدرتی گیس استعمال کرنے والے بجلی گھر چلائے جاتے ہیں جن سے ہوا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی بڑی مقدار شامل ہوجاتی ہے۔

ان کے برعکس یہ بیٹری دن کے اوقات میں دھوپ سے جب کہ رات کے وقت ونڈ ٹربائنوں سے پیدا ہونے والی بجلی ذخیرہ کرے گی اور ضرورت کے وقت شہر کو فراہم کرے گی یعنی اس سے کوئی آلودگی پیدا نہیں ہوگی۔ اس دیوقامت بیٹری کا ٹھیکا ’’اے ای ایس کارپوریشن‘‘ نامی ادارے کو دیا گیا ہے جو 18 ہزار بیٹری ماڈیولز کو یکجا کرکے ایک بڑی بیٹری میں تبدیل کرے گی۔

کیلیفورنیا کے ’’پبلک یوٹیلیٹی کمیشن‘‘ کا منصوبہ ہے کہ 2050 تک گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں 80 فیصد کمی لائی جائے۔ اس مقصد کے لیے توانائی کے متبادل اور قابلِ تجدید (renewable) ذرائع پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ بجلی کی طلب میں اضافے کو دیکھتے ہوئے ایک امکان یہ بھی سامنے آرہا ہے کہ شاید ایسی صرف ایک بیٹری سے کام نہ بنے بلکہ اس کے لیے ریاست کیلیفورنیا کے مختلف علاقوں میں ایسی کئی بیٹریاں نصب کرنی پڑیں تاہم ایسا کوئی بھی فیصلہ اس پہلی بیٹری کی تنصیب اور کامیابی کا جائزہ لینے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ یہ بیٹری اگلے 5 سال میں مکمل ہوگی جس کے بعد اس سے بجلی کی انتہائی طلب کے اوقات میں استفادہ کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔