مقبوضہ کشمیرمیں خونریزی رکوانے کیلئے وزیراعظم کا سلامتی کونسل کے ارکان کو خط

مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے خطہ کشیدگی اور عدم استحکام کا شکار ہے، وزیر اعظم نوازشریف


ویب ڈیسک September 19, 2016
مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے خطہ کشیدگی اور عدم استحکام کا شکار ہے، نواز شریف. فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کو خط میں لکھا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی خون ریزی بند کرانے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرایا جائے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان امریکا، چین، برطانیہ، روس اور فرانس کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں کے ذریعے نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھا کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے اور گزشتہ ڈھائی ماہ میں 100 سے زائد افراد کو شہید کیا جاچکا ہے کشمیر کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے عالمی اور خصوصاً خطے کے امن پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کشمیریوں کی خواہشات کا احترام کرنا ہوگا

وزیر اعظم نوازشریف نے خط میں سلامتی کونسل کے ارکان کو کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کریں کیونکہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے سے خطہ کشیدگی اور عدم استحکام کا شکار ہے۔ مسئلہ کشمیر سب سے پرانا اور حل طلب مسئلہ ہے اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں سلامتی کونسل کے مستقل ممالک اپنا کردار ادا کریں اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی خونریزی روکنے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے۔