وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ’’خوشحال دیہات پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ

صوبے میں 29 سال بعد کوآپریٹو سوسائٹیز پر جزوی پابندی اٹھانے پر اتفاق


عائشہ صغیر November 17, 2026

لاہور:

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے دیہات کی ترقی کے لیے ’’خوشحال دیہات پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پروگرام کے تحت گاؤں کی ترقی کے فیصلے وہاں کے مکین خود کریں گے، دیہات میں پکی گلیاں، ڈرینج سسٹم، گندے پانی کے نکاس کے لیے جوہڑ اور سولر اسٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی۔ دیہی ترقیاتی منصوبے کوآپریٹو سوسائٹی ماڈل کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔

پروگرام کے پہلے مرحلے میں 485 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز قائم کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 1500 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز تشکیل دی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے پروگرام کے آغاز کے لیے 44 دن کی ڈیڈ لائن مقرر کردی ہے۔ اس مقصد کے لیے 29 سال بعد پنجاب میں کوآپریٹو سوسائٹیز پر عائد پابندی جزوی طور پر اٹھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

کوآپریٹو سوسائٹیز کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی کرے گی، جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے۔

ہر کوآپریٹو سوسائٹی کے لیے پانچ رکنی مینجمنٹ کمیٹی بھی قائم کی جائے گی، جس میں صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، خزانچی اور ایگزیکٹو ممبر شامل ہوں گے۔

مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہر گاؤں کی ترقی گاؤں کے اپنے لوگوں کے ہاتھ میں دینا چاہتے ہیں، مکین کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کے فیصلے خود کرسکیں گے۔ کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے ترقی کے عمل کو پائیدار اور مؤثر بنانا چاہتے ہیں۔