لاہور میں کسانوں کا مطالبات کے حق میں پھر دھرنا، مال روڈ بند

ویب ڈیسک  بدھ 28 ستمبر 2016
کسانوں کے احتجاج کے باعث لاہور میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ فوٹو؛ ایکسپریس

کسانوں کے احتجاج کے باعث لاہور میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ فوٹو؛ ایکسپریس

 لاہور: مال روڈ پر کسانوں نے اپنے مطالبات منوانے کے لیے غیر معینہ مدت کے لیے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے دھرنا دے دیا ہے۔

لاہور کے مال روڈ پر کسانوں نے اپنے مطالبے منوانے کے لیے دھرنا دے دیا ہے، کسان اتحاد کی مرکزی قیادت کی گرفتاری اور حکومت کی جانب سے زبردستی دھرنا ختم کرانے کی کوشش کے بعد کسان بپھر گئے اور ان کے احتجاج میں شدت آگئی ہے، جس کے بعد کسانوں نے روڈ پر شامیانے لگاکر غیر معینہ مدت کے لیے احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے جو وعدے کیے تھے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں ہوا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کسان اتحاد نے دھرنا ختم کردیا

دوسری جانب کسانوں کے دھرنے اور اس میں پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کی شرکت کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے مال روڈ کے اطراف کنٹینر لگاکر سڑک کو بند کردیا ہے،ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کسان اتحاد نے مال روڈ پردھرنا دیا تھا تاہم وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔