عمران خان نے بشریٰ مانیکا کو شادی کا پیغام دیا ہے، تحریک انصاف

ویب ڈیسک  اتوار 7 جنوری 2018

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے چیرمین عمران خان کی شادی سے متعلق باضابطہ بیان جاری کردیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی چیرمین عمران خان کی شادی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے ابھی بشری مانیکا سے شادی نہیں کی بلکہ انہیں صرف شادی کا پیغام دیا ہے اور یہ بیان ریکارڈ کی درستگی کےلیے دیا جارہا ہے، جب کہ اس انتہائی حساس اور ذاتی معاملے کو غلط سلط خبروں کی زینت بنانا انتہائی افسوس کی بات ہے، کیونکہ اس کی وجہ سے عوام میں افواہوں اور قیاس آرائیوں نے جنم لیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : عمران خان کی تیسری شادی کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے بشری مانیکا کو پروپوز کیا ہے جب کہ بشری مانیکا نے بچوں اور خاندان سے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔ پارٹی بیان میں کہا گیا کہ بہت دکھ کی بات ہے کہ عمران خان کی شادی کی خبر دینے والے صحافی نے سنی سنائی باتوں پر انتہائی نجی معاملے کو پبلک کیا جس پر افسوس ہے، اور پبلک لائف نہ رکھنے والی خاتون کی زندگی کو مشتہر کیا گیا۔

پارٹی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر بشری مانیکا عمران خان سے شادی کے پروپوزل کو قبول کرلیتی ہیں توعمران خان اس حوالے سے خود باضابطہ اعلان کریں گے لہذا جب تک میڈیا خیال رکھے اور دونوں خاندانوں خصوصا ان کے بچوں کے نجی معاملات کا احترام کرے، اس غلط خبر کی وجہ سے عمران خان اور بشریٰ مانیکا کے بچوں پر ناقابل برداشت دباؤ پڑگیا، جنہیں اس قدر ذاتی و نجی معاملہ کا علم ہی میڈیا کی خبروں سے ہوا۔

گزشتہ روز میڈیا میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے یکم جنوری کو لاہور میں ایک خاتون سے خفیہ شادی کرلی ہے اور عمران خان کی طرف سے خبر کی تردید نہ کرنے کی وجہ سے قیاس آرائیوں اور افواہوں نے جنم لیا تھا۔

واضح رہے کہ 1995ء میں عمران خان نے برطانوی ارب پتی جیمز گولڈ اسمتھ کی بیٹی جمائما گولڈ اسمتھ سے شادی کی تھی جنہوں نے شادی سے پہلے اسلام قبول کر لیا تھا تاہم 22 جون 2004ء کو دونوں میں طلاق ہوگئی تھی۔ عمران خان نے دوسری شادی 2015 کے آغاز میں ریحام خان سے کی جو 9 ماہ بعد طلاق کی صورت میں ختم ہوگئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔