ٹائیگر کا والدین کو چھوڑنے کی خبروں پر جیکی شروف کا بیان سامنے آگیا

ویب ڈیسک  جمعرات 28 ستمبر 2017
اگر میرا بیٹا الگ رہنا چاہتا ہے تو مجھے کوئی اعتراض نہیں؛فوٹوفائل

اگر میرا بیٹا الگ رہنا چاہتا ہے تو مجھے کوئی اعتراض نہیں؛فوٹوفائل

ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کے اپنے والدین اور گھر چھوڑنے کی افوا نے بھارتی میڈیا میں ہلچل مچادی ہے تاہم جیکی شروف نے ان افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا جو دل چاہے کرے یہ اس کی زندگی ہے۔

بھارتی میڈیا میں ان دنوں اداکار ٹائیگر شروف کے اپنے والدین اور گھر کو چھوڑنے کی خبریں گردش کررہی ہیں، کہا جارہا ہے کہ ٹائیگر جیکی شروف بہت جلد والدین کو چھوڑ کر اپنی گرل فرینڈ دیشا پٹانی کے ساتھ ایک الگ گھر میں رہنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹائیگرشروف اور دیشا پٹانی ان دنوں فلم ’’باغی2 ‘‘میں ایک ساتھ کام کررہے ہیں، فلم کی شوٹنگ کے دوران ٹائیگر اور دیشا کے درمیان نزدیکیاں اس حد تک بڑھ گئی ہیں کہ ٹائیگر نے اپنا گھر چھوڑ کر دیشا کے ساتھ ایک الگ گھر میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بارے میں جب جیکی شروف سے بات کی گئی تو انہوں نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر ابھی بچہ ہے، مجھے نہیں لگتا کہ وہ الگ گھر میں رہنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے اور اگر ایسا کچھ اس کے دماغ میں چل رہاہے تو اس نے ابھی تک مجھ سے اس بارے میں کوئی بات نہیں کی۔

جیکی شروف نےاپنی بات میں اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کا بیٹا ان سے الگ رہنا چاہتا ہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں، ہر شخص اپنا جیون ساتھی خود تلاش کرتا ہے اور شادی کرنے کے بعد اس کے ساتھ ایک الگ اور خوشگوار زندگی گزارنے کا خواہشمند ہوتا ہے، اگر میرا بیٹا بھی ایسا کرنا چاہتا ہے تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں لیکن میں اپنے بچوں کو جانتا ہوں وہ ایسے نہیں ہیں، وہ کبھی ہمیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے، فی الحال تو ٹائیگر ہمارے ہی ساتھ رہ رہا ہے۔

دوسری جانب ٹائیگر شروف اپنی گرل فرینڈ دیشا کی ممبئی کے علاقے بیندرا میں اپارٹمنٹ خریدنے میں مدد کررہے ہیں، ہر والدین کو ابتدا میں یہی لگتا ہے کہ ان کی اولاد انہیں چھوڑ کر نہیں جائے گی تاہم ایسی کئی مثالیں موجود ہیں جن میں بچے اپنے والدین کو چھوڑ کر ایک نئی دنیا بسا لیتے ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ جیکی شروف کی غلط فہمی کب دور ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔