سعودی عرب میں غیر قانونی تارک وطن کے خلاف کریک ڈاؤن، 24 ہزار افراد گرفتار

ویب ڈیسک  پير 20 نومبر 2017
سعودی عرب میں غیرقانونی قیام کے حوالے سے قوانین بہت سخت ہیں، فوٹو: فائل

سعودی عرب میں غیرقانونی قیام کے حوالے سے قوانین بہت سخت ہیں، فوٹو: فائل

ریاض: سعودی پولیس نے مملکت میں غیر قانونی قیام کرنے والے غیر ملکی باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 3 روز میں 24 ہزار غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مملکت میں اقامہ (ریذیڈنٹ پرمٹ)  ختم ہونے والے اور  لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکی شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، 3 روز میں 24 ہزار غیر ملکیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق گرفتار شدہ افراد میں سے 15 ہزار 702 افراد کو اقامہ ختم ہونے پر جب کہ 3 ہزار 883 غیر ملکیوں کو  سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر داخلے کے جرم میں گرفتار کیا گیا، 4 ہزار 353 باشندوں کو لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا، سب سے زیادہ 42 فیصد گرفتاریاں مکہ مکرمہ کے اطراف سے کی گئیں جب کہ 19 فیصد افراد ریاض سے گرفتار ہوئے۔

سعودی پریس ایجنسی نے مزید بتایا کہ 11 فیصد گرفتاریاں عصر ریجن میں،  6 فیصد جازان اور  5 فیصد گرفتاریاں مشرقی صوبے سے کی گئیں، ان میں سے گرفتار شدہ 394 افراد ایسے ہیں جنہیں غیر قانونی طریقے سے سرحد پار کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، تمام گرفتار افراد کا تعلق 25 مختلف ممالک سے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔