نواز شریف کو آصف زرداری کے سہارے کی ضرورت نہیں، رانا ثنااللہ

ویب ڈیسک  جمعرات 23 نومبر 2017
آصف زرداری کا رویہ ذاتی ناراضی یا کسی کو خوش کرنے کے لیے ہے، وہ جمہوریت کی اینٹ سےاینٹ بجا رہے ہیں، وزیرقانون پنجاب ۔ فوٹو : فائل

آصف زرداری کا رویہ ذاتی ناراضی یا کسی کو خوش کرنے کے لیے ہے، وہ جمہوریت کی اینٹ سےاینٹ بجا رہے ہیں، وزیرقانون پنجاب ۔ فوٹو : فائل

لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے کسی ملاقات کی بات نہیں کی اور نا ہی انہیں آصف زرداری کے سہارے کی ضرورت ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کا بروقت انعقاد جمہوریت کی جب کہ جمہوریت بچانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اگر آصف زرداری اس راستے میں رکاوٹ بنے تو یہ داغ پیپلزپارٹی کبھی دھو نہیں سکے گی۔ سابق صدر اپنے مفاہمت کی سیاست کے ورثے کا لحاظ کریں، اٗن کا رویہ ذاتی ناراضگی یا کسی کو خوش کرنے کے لیے ہے، وہ کسی اور کی نہیں جمہوریت کی اینٹ سےاینٹ بجا رہے ہیں۔ نوازشریف نے کسی سے ملنے کا ذکر نہیں کیا، نوازشریف کسی سے ملنا چاہتے ہیں تو صرف جمہوریت اور بروقت الیکشن کے لیے، انہیں آصف زرداری کے سیاسی سہارے کی ضرورت نہیں۔

وزیرقانون کا کہنا تھا کہ اسلام آباد دھرنے والوں کا کوئی سیاسی مطالبہ نہیں ہے، ہم دھرنے کا پر امن حل اور اسے طاقت استعمال کئے بغیر ختم کرنے کے خواہشمند ہیں، اسی لئے ہمارے کئی بار مذاکرات ہوئے، راجا ظفر الحق کی کمیٹی پر سب کو اعتماد ہے، امید ہے کہ  ایک ہفتے میں مثبت پیش رفت ہوگی۔

چئیرمین تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ غیر جمہوری قوتیں عمران خان کے آقا  اور عمران خان غیر جمہوری قوتوں کے آلہ کار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔